کونسل کی 2 نشستوں کے انتخابی اعلامیہ ‘ سیاسی سرگرمیاں تیز

   

بی آر ایس کے خواہشمند ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کرنے کے اقدامات کا آغاز
حیدرآباد 4 جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کی 2 نشستوں کیلئے ریاست میں سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے اور اپوزیشن بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت کے خواہشمند ارکان اسمبلی سے کانگریس سرکردہ قائدین نے مذاکرات کا آغاز کردیا ہے۔ تلنگانہ انتخابات کے نتائج کے بعد کئی بی آر ایس ارکان اسمبلی کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ بی آر ایس میں رہنے کی کانگریس میں شامل ہونے کی کوشش کر رہے تھے لیکن کانگریس سے بی آر ایس ارکان اسمبلی کو شامل کرنے سے اجتناب کیا جاتارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کانگریس نے بی آر ایس ٹکٹ پر منتخب ارکان اسمبلی کو پارٹی میں شامل کرنے پارٹی ہائی کمان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن اب جبکہ الیکشن کمیشن سے کونسل میں 2 ارکان کیلئے ضمنی انتخابات کا اعلامیہ جاری کیا گیا تو کانگریس نے حکمت عملی کو تبدیل کرکے ان ارکان اسمبلی سے رابطہ شروع کردیا ہے جو کانگریس میں شمولیت کے خواہاں تھے۔ بتایاجاتا ہے کہ کانگریس نے کونسل میں اپنی تعداد میں اضافہ کیلئے حکمت عملی تیار کرنی شروع کردی ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ دونوں ارکان کونسل پر برسراقتدار جماعت اپنی کامیابی کی کوشش کرے گی۔ کونسل انتخابات کیلئے تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی اپوزیشن نے ایوان میں اپنی تعداد اور حلیف مجلس کی تعداد کا جائزہ لے کر ان کی مدد حاصل کرنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے جبکہ کانگریس قائدین کی جانب سے ایوان میں اپنی تعداد میں اضافہ کی منصوبہ بندی کی جانے لگی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر کی دختر و رکن کونسل کے کویتا نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کی ستائش اور ہندوتوا نظریات کی حمایت سے متعلق جو بیانات دیئے گئے ہیں اگر اس کے باوجود مجلس کونسل انتخابات میں بی آر ایس کی حمایت کرتی ہے تو اسے اقلیتی و مسلم ووٹرس میں خفت کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ اس کے علاوہ بی آر ایس اپنے رکن کونسل کے انتخاب کو یقینی بنانے مجلس کی تائید سے زیادہ بی جے پی کی تائید حاصل کرنے پر غور کرسکتی ہے کیونکہ تلنگانہ اسمبلی میں بی جے پی کے ارکان کی تعداد مجلس سے زیادہ ہے ۔ کانگریس ذرائع کا کہناہے کہ تلنگانہ میں بی آر ایس ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کروانے کو ہائی کمان کی منظوری ملتی ہے تو بی آر ایس کے 20تا25 ارکان کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں لیکن پارٹی سے ان تمام کو شامل کروانے کے متعلق قطعی فیصلہ نہیں کیا جائے گا بلکہ ایسے ارکان جو کانگریس کے نظریات سے اتفاق رکھتے ہیں ان کو شامل کروانے کا امکان ہے۔ پارٹی قائدین نے بتایا کہ بی آر ایس ارکان اسمبلی کو فوری شامل کروانے اسی لئے تاخیر ہورہی ہے ۔