موخر کرنے چیف سکریٹری کا سنٹرل الیکشن کمیشن کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں ایم ایل اے کوٹہ سے مخلوعہ ہونے والی 6 ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کیلئے مزید تاخیر ہونے کے امکانات نظر آرہے ہیں۔ ریاست میں کورونا بحران کے پیش نظر تلنگانہ حکومت نے سنٹرل الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے فوری انتخابات نہ کرانے کی درخواست کی ہے۔ پہلے ہی ایک مرتبہ کونسل کے انتخابات ملتوی ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ حکومت کے روانہ کردہ مکتوب کے بعد مزید تاخیر ہونے کے امکانات ہیں۔ ریاست میں ایم ایل اے کوٹہ سے منتخب ہونے والے 6 ارکان قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، این ودیا ساگر، بی وینکٹیشورلو، کڈیم سری ہری۔ محمد فریدالدین اور اے للیتا کی میعاد جاریہ سال 3 جون کو مکمل ہوچکی ہے۔ دراصل ان ارکان کی میعاد مکمل ہونے سے ایک ماہ قبل ہی انتخابات کرایا جانا چاہئے تھا لیکن کورونا بحران کے پیش نظر انتخابات کو ملتوی کرنے کا 13 مئی کو سنٹرل الیکشن کمیشن نے اعلان کیا تھا۔ فی الحال ان ملتویہ کونسل کے انتخابات کرانے کیلئے سنٹرل الیکشن کمیشن نے ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاست میں کورونا کی صورتحال پر ایک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔
