کونڈاویشویشور ریڈی کو چیوڑلہ میں عوام کی بھرپور تائید

   

مختلف منڈلوں میں دورہ اور کارنر میٹنگ سے خطاب، ٹی آر ایس امیدوار عوامی مسائل سے ناواقف
حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) چیوڑلہ لوک سبھا حلقے کے کانگریس امیدوار کونڈا ویشویشور ریڈی نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ حلقے کو ملک میں ترقی یافتہ اور مثالی حلقے میں تبدیل کرنے کے لیے جامع منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے دولت اور طاقت کے بل پر اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور لوک سبھا چنائو میں رائے دہندے دولت اور طاقت کا شکار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس کی قیادت بالخصوص کے سی آر ا ور کے ٹی آر ان کی کامیابی کو روکنے کے لیے کروڑہا روپئے خرچ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس کو چیوڑلہ میں امیدوار دستیاب نہیں تھا لہٰذا ایک غیر معروف شخص کو دولت کی بنیاد پر ٹکٹ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس امیدوار کو عوام جانتے تک نہیں اور نہ ہی انہیں عوامی اور سماجی خدمات کا کوئی تجربہ ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے جو خدمات انجام دی ہیں وہ عوام کے درمیان ہیں۔ ویشویشور ریڈی نے آج صبح 7 بجے غیر مقیم ہندوستانیوں سے آن لائین بات چیت کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیئے۔ بعد میں انہوں نے بشیرآباد، قاسم پور، لکشمی نارائن پور، تانڈور، گنگورتی، تاٹی پلی اور دیگر مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ جگہ جگہ کارنر اور اسٹریٹ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے اپنے انتخابی منشور سے عوام کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی یکسوئی کے لیے قومی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ دہلی میں علاقائی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کی کوئی اہمیت نہیں۔ گزشتہ پانچ برسوں میں وہ ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے علاقے کی ترقی کے لیے کوئی خاص منظوری حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر قومی جماعتوں کے ارکان کی تائید حاصل کرتے ہوئے انہوں نے مرکزی حکومت سے چیوڑلہ کے لیے فنڈس اور پراجیکٹس حاصل کیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیوڑلہ میں رائے دہندے بلا لحاظ مذہب و ملت کانگریس کے ساتھ ہیں اور کانگریس پارٹی کو تلنگانہ میں زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔