کونڈا وشویشور ریڈی پارٹی اعلیٰ قائدین کے رویہ سے ناراض

   

حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیوڑلہ کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے الزام عائد کیا کہ پارٹی ان کے ساتھ فٹبال کی طرح کھیل رہی ہے۔ چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ میں صدر ضلع پارٹی کے علاوہ پارٹی کے اہم قائدین کے رویہ پر کونڈا وشویشور ریڈی نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ وشویشور ریڈی نے پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں بی جے پی کے ریاستی آرگنائزنگ سکریٹری چندر شیکھر تیواری کو فٹبال بطور تحفہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے پروگراموں میں انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ آرگنائزنگ سکریٹری کو فٹبال پیش کئے جانے کا معاملہ بی جے پی میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ اسی طرح گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے کونڈا وشویشور ریڈی کے ساتھ سلوک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں کئی ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور ضلع کے سینئر قائدین کی جانب سے پارٹی کے سرکردہ قائدین کو فٹبال بطور گفٹ پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وشویشور ریڈی کے ساتھ قائدین کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔ راجہ سنگھ کے تبصرہ کے بعد وشویشور ریڈی نے وضاحت کی کہ انہوں نے ناراضگی کے طورپر فٹبال پیش نہیں کیا تھا ۔ وشویشور ریڈی کے مطابق کانگریس حکومت سے جدوجہد کیلئے انہوں نے فٹبال پیش کیا تاکہ اس کے ذریعہ حکومت سے کھیل کھیلا جاسکتا ہے۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں بھی ایک گھر میں 72 ووٹ موجود ہیں۔1