کونڈا ویشویشورریڈی کوبھاری اکثریت سے کامیاب بنے کی اپیل

,

   

کے سی آرنے 12 فیصدتحفظات کے نام پر دھوکہ دیا۔ مودی سیکولرزم کے دشمن : غلام نبی آزاد
حیدرآباد ۔ /7اپریل ( سیاست نیوز) راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے چیوڑلہ کے عوام سے اپیل کی کہ عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار کونڈا ویشورریڈی کو دو لاکھ ووٹ کی بھاری اکثریت سے منتخب کریں ۔ غلام نبی آزاد نے آج کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ انہوں نے منے گوڑا میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ویشویشور ریڈی اور ان کے خاندان کی عوامی خدمات کو سراہا ۔ غلام نبی آزاد نے نریندر مودی اور کے سی پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ مسلم تحفظات کی فراہمی میں کے سی آر کی ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ آپ جانتے ہوئے کہ 12 فیصد تحفظات ممکن نہیں ہیں صرف مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لئے جھوٹا وعدہ کیا ۔ اب وقت آچکا ہے کہ مرکز میں نریندر مودی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں جو دستور اور سیکولرزم کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔ اور کے سی آر مودی حکومت کی تائید کر رہے ہیں۔ آزاد نے کہا کہ ویشویشور ریڈی کے لئے میں کشمیر سے آیا ہوں ۔ ان کا تعلق ایسے خاندان سے ہے جس کی طویل عوامی خدمات ہیں ۔ بہت سے لوگ سیاست میں دولت کمانے کے لئے آتے ہیں لیکن ویشویشورریڈی عوامی خدمات کے جذبہ سے آئے ہیں ۔ آزاد نے کہا کہ ووٹنگ میں دھاندلیوں کو روکنے کے لئے ای وی ایم مشین متعارف کئے گئے لیکن کس کو اندازہ نہیں تھا کہ مودی اور کے سی آر مشینوں میں دھاندلی کریں گے ۔ یو پی اے دور حکومت میں ضمانت روزگار اسکیم متعارف کی گئی ۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ۔

لیکن بی جے پی دور میں غربت میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں بنگلور اور حیدرآباد کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بنایا گیا ۔ آزاد نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت اپوزیشن قائدین کے خلاف سی بی آئی دھاوے کرا رہی ہے ۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے خلاف بھی سی بی آئی کیس درج کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ دولت کے ذریعہ دوسری پارٹیوں کے قائدین کو خریدا جا رہا ہے ۔ مودی دور حکومت میں خواتین پر مظالم میں اضافہ ہوا حتی کہ دو سال کی لڑکی بھی ہوس کا شکار بنائی گئی ۔ غلام نبی آزاد نے پارٹی کے انتخابی منشور اور خاص طور پر اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم کا ذکر کیا اور کہا کہ کانگریس غربت کے خاتمہ کا عہد کرچکی ہے ۔ 22 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائیگا ۔ جلسہ عام سے ویشویشورریڈی ‘ وجئے شانتی ‘ پائلٹ روہت ریڈی ایم ایل اے ‘ سابق وزیر جی پرساد ‘ تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر کودنڈا رام ‘ جنرل سکریٹری آر سی کنٹیا اور دوسروں نے مخاطب کیا ۔