کئی عہدیدار دوڑ میں ۔ موجودہ چیف سکریٹری کی آئندہ ماہمعیاد مکمل ہوگی ۔ توسیع کا بھی امکان
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) چیف سیکریٹری تلنگانہ کی سبکدوشی میں ایک ماہ باقی ہے اور سیاسی حلقوں و عہدیداروں میں یہ چہ میگوئیاں شروع ہوچکی ہیں کہ تلنگانہ کا اگلا چیف سیکریٹری کون ہوگا! ریاست میں چیف سیکریٹری آئی اے ایس عہدیدار مسٹر کے راما کرشنا راؤ آئندہ ماہ کے اواخر میں وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونگے ۔ ان کے بعد تلنگانہ کیڈر آئی اے ایس عہدیداروں کی فہرست میں جو عہدیدار شامل ہیں ان میں 1990 بیاچ کے مسٹر ششانک گوئل ‘ 1991 بیاچ کے مسٹر اروندکمار‘ 1992 بیاچ کے مسٹر جئیش رنجن ‘و 1992 بیاچ کے مسٹر وکاس راج آئی اے ایس شامل ہیں ۔ حکومت تلنگانہ نے موجودہ چیف سیکریٹری کے راما کرشنا راؤ کو جو کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے محکمہ فینانس میں خدمات انجام دے رہے تھے اور تلنگانہ کے 10 بجٹ تیار کرنے کا اعزاز حاصل ہے محترمہ شانتی کماری کی سبکدوشی کے بعد چیف سیکریٹری پر فائز کیا تھا جبکہ ان سے سینیئر عہدیدار مسٹر ششانک گوئل موجود تھے جن کا تعلق 1990 بیاچ سے ہے۔ ششانک گوئل جو اسپیشل چیف سیکریٹری برائے حکومت و ریسیڈنٹ کمشنر تلنگانہ بھون دہلی ہیںانہیں چیف سیکریٹری کے طور پر فائز کرنے میں خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا کہ حکومت چیف سیکریٹری کے راما کرشنا راؤ کی معیاد میں 6ماہ کی توسیع پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جاسکے ۔ مسٹر راما کرشنا راؤ کی سبکدوشی کے بعد اگر رتبہ کے اعتبار سے دیکھا جائے تو اسپیشل چیف سیکریٹری ششانک گوئل کو چیف سیکریٹری کے عہدہ کی ذمہ داری تفویض کئے جانے کے امکانات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ آئندہ سال ماہ ستمبر میں ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے والے ہیں جبکہ اروند کمار بھی آئندہ سال اکٹوبر میں سبکدوش ہوں گے جنہیں چیف سیکریٹری کے عہدہ پر نامزد کئے جانے کے امکانات موہوم ہیں۔ جبکہ مسٹر جئیش رنجن کی خدمات کے ابھی دو سال باقی ہیں اورمسٹر وکاس راج کی خدمات کے 3 سال باقی ہیں۔ اگسٹ کے اواخر میں کے راما کرشنا راؤ کی سبکدوشی کے بعد فی الحال دہلی میں برسرکار مسٹر سنجے جاجو بھی چیف سیکریٹری کے عہدہ کے حصول کی کوشش کرسکتے ہیں کیونکہ شانتی کماری کی سبکدوشی سے قبل بھی یہ اطلاعات گشت کر رہی تھیں کہ مسٹر سنجے جاجو کو تلنگانہ کے چیف سیکریٹری کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ سنجے جاجو 1992 بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ کئی برسوں سے مرکزی حکومت کے محکمہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ فی الحال وہ سیکریٹری اطلاعات و نشریات کے عہدہ پر فائز ہیں اور ان کی سبکدوشی کیلئے ابھی 4 سال باقی ہیں۔3