کووڈ۔ 19 سے لڑنے ہندوستان کو امریکہ کی امداد

   

واشنگٹن ۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی سے صرف دو ہفتہ قبل ہی فون پر تفصیلی بات چیت کی تھی اور ہندوستان کی عوام کے لئے جو اس وقت کووڈ ۔ 19 وباء سے لڑرہی ہے، ہر ممکنہ مدد کرنے کا وعدہ کیا تھا اور انہوں نے اندرون دو ہفتہ اپنا وعدہ پورا بھی کردیا اور تقریباً نصف بلین ڈالرس کے مماثل مالی امداد روانہ کی ہے۔ جوبائیڈن نے مودی کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے دوران ہندوستان میں کووڈ کی صورتحال سے متعلق بھی بات چیت کی تھی اور امریکہ کی حکومت اور عوام کی جانب سے ہندوستانی حکومت اور عوام کے تئیں اظہار یگانگت کیا تھا۔ جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ امریکہ کووڈ۔ 19 کی لڑائی میں ہندوستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں بائیڈن نے کہا کہ جس طرح کووڈ کے اوائل میں ہندوستان نے امریکہ کی مدد کی تھی بالکل اسی طرح اب امریکہ بھی ہندوستان کی ہر ممکنہ مدد کے لئے تیار ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت ہندوستان کو ہزاروں آکسیجن گیس سلینڈرس اور کنسنٹریٹرس کی ضرورت ہے۔ امریکہ کی امداد سے ریمڈیسور ویکسین کی کثیر مقدار خریدی جائے گی۔