گورکھپور:19 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے گورکھپور اور دیوی پاٹن ڈویژن سمیت مختلف اضلاع سے منسلک 365 کلو میٹر لمبی ہند۔ نیپا ل سرحد کے کھلے رہنے کی وجہ سے کورونا وائرس کے حملے کے امکانات کافی بڑھ گئے ہیں۔سرحد ی علاقوں کے گاؤں باشندوں میں اس بات کا خوف ہے کہ نیپال سے آنے والے افراد سے یہ وائرس منتقل ہوسکتا ہے ۔ریاستی حکومت نے ہند۔نیپال سرحد پر الرٹ کا اعلان کیا ہے اورسرحد سے منسلک مختلف اضلاع کے چیف میڈیکل افسران کو احکامات دئیے گئے ہیں کہ سرحد پار سے آنے والے افراد کی سخت جانچ کے بعد ہی ہندوستان میں ان کو داخلے کی اجازت دی جائے ۔نیپال سے یومیہ 6تا 7 ہزار افراد ہندوستان میں داخل ہوتے ہیں۔ایس ایس بی گورکھپور سرکل کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نے یواین آئی کو بتایا کہ ہم پوری طرح سے مستعدہیں اور ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی ٹیم بھی ہمارے رابطے میں ہے ۔اور کسی بھی مشتبہ فرد کو سرحد پار سے آنے کی اجازت ہر گزنہیں دی جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ نیپال کی سرحد چین سے ملتی ہے جہاں سے متأثرہ افراد نیپال آنے اور پھر نیپال سے ہندوستان میں آسکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نیپال سرحد سے منسلک یوپی کے اضلاع پیلی بھیت اور لکھیم پور کھیری میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریض پائے جانے سے لوگوں میں کافی خوف پیدا ہوگیاہے ۔