کووڈ۔19 علامتوں کی جانچ کرنے والا روبوٹ

   

عنقریب شہر کے دواخانوں ، دفاتر و دیگر اہم مقامات پر نظر آئے گا

حیدرآباد: شہر کے دواخانوں‘ دفاتر ‘ اسکولوں ‘ کالجس‘ شاپنگ مالس کے علاوہ دیگر مقامات پر اب جلد ہی ایسے روبوٹ نظر آئیں گے جو ان میں داخل ہونے والوں میں کورونا وائرس کی علامتوں کی جانچ کریں گے۔ برطانیہ سے واپس ہونے والے ٹیکنالوجی کے ماہر نے ریاست تلنگانہ یا آندھرا پردیش میں ایسے روبوٹ کی تیاری کا منصوبہ بنایا ہے جو کہ انسان میں موجود کورونا وائرس کی علامتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری اس کی تفصیلات بتاتا ہے۔ کورونا وائرس کے بعد دنیا میں ریکارڈ کی جانے والی تبدیلیو ںمیں ایک اہم تبدیلی یہ دیکھی جا رہی ہے کہ کسی بھی دفتر یا تجارتی مرکز میں داخلہ سے قبل داخل ہونے والوں کا جسمانی درجہ حرارت دیکھا جانے لگا ہے اور جسمانی درجہ حرارت معمول کے مطابق ہونے کی صورت میں ہی انہیں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے جبکہ بخار یا نزلہ کا شکار افراد کو داخل ہونے سے روکا جانے لگا ہے۔ اس صورتحال میں کورونا وائرس کی مکمل علامتوں کی جانچ کے لئے جلد ہی روبوٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ روبوٹک اسٹارٹ اپ ویسٹان نیکسٹ جین نے اس روبوٹ کی تیاری عمل میں لائی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس روبورٹ کے ذریعہ تمام علامات کی توثیق یا تردید ممکن ہے اور مستقبل قریب میں یہ روبوٹ ہر ادارہ کی ضرورت بن جائے گا اسی لئے کمپنی کی جانب سے اس کی تیاری کے سلسلہ میں اقدامات کو تیز کردیا گیا ہے اورکہا جا رہاہے کہ جاریہ سال کے اختتام سے قبل یہ روبوٹ جگہ جگہ نظر آنے لگے گا جو کہ انسان میں پائی جانے والی کورونا وائرس کی علامتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے حقیقی صورتحال سے واقف کروائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے فی الحال کوکٹ پلی اور بنگلوروکے علاوہ کوئمبتور میں یہ روبوٹ تھرڈ پارٹی کے پاس تیار کروائے جانے لگے ہیں لیکن جلد ہی کمپنی کی جانب سے ان کی اپنی تیاری کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا لیکن اب تک اس بات کو قطعیت نہیں دی گئی ہے کہ کس ریاست میں اس روبوٹ کی تیاری کا پلانٹ قائم کیا جائے گا لیکن یہ بات طئے ہے کہ یہ پلانٹ تلنگانہ یا آندھرا پردیش کے ہی کسی حصہ میں قائم کیا جائے گا جو کہ ملک کی ضرورت کو مکمل کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔ذرائع کے مطابق کمپنی کی جانب سے جاریہ سال مارچ تک اس بات کا فیصلہ کرلیا جائے گا کہ پلانٹ کس ریاست میں قائم کیا جائے گااور کمپنی کے ذمہ دارو ںکی جانب سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں حکومت کے نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔