کووڈ۔19 کیسوں میں ریکارڈ اضافہ ، صورتحال بے قابو نہیں

,

   

حکومت نے کورونا وباء کو تیسرے مرحلہ تک پہونچنے نہیں دیا : ہرش وردھن
نئی دہلی ۔ /24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس انفیکشن کے مصدقہ معاملوں میں ملک گیر سطح پر جمعہ کو زائد از 1750 کا اضافہ ہوا جو ملک میں ایک دن کیلئے سب سے زیادہ تعداد ہے ۔ اس کے ساتھ جملہ متاثرین کی تعداد 23500 کے قریب پہونچ گئی ۔ کئی ریاستوں جیسے مہاراشٹرا ، راجستھان اور گجرات میں بڑے پیمانے پر نئے مریض ابھر آئے ہیں ۔ اس کے باوجود حکومت کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے اور متاثرین کی جملہ تعداد اب تک ایک لاکھ تک پہونچ جاتی اگر ملک گیر لاک ڈاؤن لاگو نہ کیا جاتا ۔ حکومتی عہدیداروں نے نگرانی کے ٹھوس نٹ ورک اور تحدیدات کے مختلف اقدامات کی بھی تعریف کی جو وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول میں رکھے ہوئے ہیں ۔ لاک ڈاؤن کا اعلان وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ماہ قبل /24 مارچ کو قوم سے خطاب کیا تھا ۔ جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ولیج پنچایت کے سربراہوں اور ارکان سے خطاب میں مودی نے کہا کہ کورونا وائرس وباء نے ملک کو خودمکتفی بننے اور اپنے بل پر انحصار کرنا سکھادیا ہے ۔ ہم بیرون ملک مدد کیلئے نگاہ نہیں اٹھارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر گاؤں ، ضلع اور ریاست اپنی بنیادی ضروریات کی تکمیل کے قابل ہونا چاہئیے ۔ انہوں نے دیہی ہندوستان کی ستائش کی جس نے سماجی فاصلے کے اصول کو مقبول بنانے کیلئے ’ دو گز کی دوری‘ کا منتر مقبول کیا ہے ۔ وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا کہ ملک میں کووڈ۔ 19 سے اموات کی شرح 3 فیصد ہے اور اس مرض سے صحتیابی کی شرح زائد از 20 فیصد ہے ۔ مرکزی وزیر نے کورونا کی صورتحال کو قابو میں رکھنے میں مدد کیلئے ریاستوں کے رول کی ستائش کی ۔ انہوں نے اینٹی کووڈ۔ 19 سے نمٹنے کیلئے تیاری اور صحت عامہ سے متعلق ملک بھر میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے وزرائے صحت کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی ۔ ریاپڈ اینٹی باڈی ٹسٹ کے مسئلہ پر ہرش وردھن نے کہا کہ یہ ٹسٹ کے نتائج مقام در مقام بدلتے ہیں اور اس طرح پوری طرح انحصار نہیں کیا جاسکتا ۔