مختلف ریاستوں میں پھیلے 25ا ضلاع میں وباء پر قابو پالیا گیا ہے :وزارت صحت
نئی دہلی ۔13 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام)نیتی آیوگ کے رُکن وی کے پال نے آج کہاکہ ہندوستان میں کووڈ۔19 وباء میں شرح اموات شدید نوعیت کی نہیں ہے اور اس سے مرض کا اثر ملک کی جسامت کے تناظر میں دیکھے تو بہت محدود ہے ۔ وہ کووڈ۔19 کے موضوع پر منعقدہ سیشن سے مخاطب تھے ۔ نیتی آیوگ سے وابستہ مشیر (صحت) آلوک کمار نے بھی اس سیشن میں حصہ لیا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جاری مرکز کے مختلف اقدامات کو پال نے اطمینان بخش بتایا اور کہاکہ آنے والے دنوں میں مزید بہتر اور مثبت نتائج درآمد ہوں گے ۔ اُن کی بات کی توثیق وزارت صحت کی روزانہ کی پریس بریفنگ میں ہوئی جس میں بتایا گیا کہ 15 ریاستوں میں پھیلے 25 اضلاع جہاں اس وائرس کا پتہ چلا تھا ، وہاں گزشتہ 14 روز میں کوئی نیا کیس درج نہیں ہوا ہے ۔ وزارت کے جوائنٹ سکریٹری لوو اگروال نے کہاکہ ایکشن پلان پر عمل آوری کے قابل قدر نتائج دیکھنے میں آرہے ہیں ۔ ان 25اضلاع میں بدستور چوکسی برتی جارہی ہے تاکہ یقینی ہوجائے کہ مستقبل میں مزید کوئی نیا کیس پیش نہ آئے۔ ان اضلاع میں گونڈیا ( مہاراشٹرا) ، داونگیری (کرناٹک) ، وینارڈ (کیرالا) ، راجوری (جموں و کشمیر) ، پٹنہ (بہار) ، پانی پت (ہریانہ) ، بھدرادری کتہ گوڑم ( تلنگانہ ) شامل ہیں۔ دریں اثناء اندرون 24 گھنٹے ریکارڈ 51 اموات کے ساتھ ہندوستان میں کورونا وائرس سے فوت ہونے والوں کی تعداد پیر کو 324 درج کی گئی ۔ اتوار کی شام سے 905 نئے کیسوں کے اضافہ کے ساتھ جملہ متاثرین 9352 ہوگئے۔