کووڈ : ریٹیل انڈسٹری کو 19 لاکھ کروڑ روپئے کا نقصان

   

نئی دہلی : کانفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس نے تخمینہ لگایا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے ملک میں گزشتہ 5 ماہ کے دوران ریٹیل انڈسٹری کو 19 لاکھ کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔ یہ تخمینہ مختلف ریاستوں کے 20 بڑے شہروں سے موصول اعداد و شمار کے مطابق کیا گیا ہے ۔ کانفیڈریشن نے مرکزی وزارت فینانس اور کارپوریٹ امور نرملا سیتا رامن سے اپیل کی ہے کہ وہ بینکوں کو مشورہ دیں کہ تاجرین سے جرمانہ وصول نہ کریں اور نہ ہی ان پر زائد سود عائد کریں ۔ وقت مقررہ تک تاجرین کو راحت دی جانی چاہئیے ۔ اگر حکومت بعض سیکٹروں کے قرضوں میں نرمی لاسکتی ہے تو ہم تاجرین بھی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہمارے بینکوں سے لئے گئے قرضوں میں آسانی اور نرمی پیدا کرے ۔ کانفیڈریشن کے سکریٹری جنرل پروین کھنڈلوال نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء نے ملک کے اندر تجارت کی دھجیاں اڑادی ہیں ۔ ان لاک 4 کے بعد کاروبار تو شروع ہوا ہے لیکن ملک بھر کے تاجرین مایوسی کا شکار ہیں ۔ ریٹیل تاجرین جو ہمیشہ ہندوستانی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کا کام کرتے تھے آج انہیں خسارہ کا سامنا ہے ۔ مالیاتی بحران نے انہیں پریشان کررکھا ہے ۔ ہندوستان کی تجارتی مارکٹ جاریہ صدی کی سب سے بدترین صورتحال سے دوچار ہے ۔