کووڈ قواعدپر عمل آوری کیلئے عوامی شعور بیداری کی ضرورت

   

وزیر صحت ہریش راؤ کو سی پی آئی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد۔5۔ جنوری (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے وزیر صحت ہریش راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں کورونا کیسس پر قابو پانے کیلئے کووڈ قواعد کے بارے میں عوام میں شعور بیداری کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کا آغاز ہوچکا ہے ، ایسے میں عوام کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں چوکس کرنے کی ضرورت ہے ۔ حکومت کو سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتوں کی تیاری کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے کورونا کی دونوں لہر کے دوران محکمہ صحت اور دیگر محکمہ جات میں نمایاں کارکردگی کے ذریعہ کیسس پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی۔ حکومت نے ماسک کے عدم استعمال پر ایک ہزار روپئے جرمانہ کا اعلان کیا ہے ۔ باوجود اس کے عوام ماسک کا استعمال نہیں کر رہے ہیں۔ حکومت کو عوام کے مفاد میں کووڈ قواعد پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو تمام درکار انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات کو بحال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ خانگی دواخانوں پر حکومت کی نگرانی میں اضافہ کی ضرورت ہے تاکہ تیسری لہر کا فائدہ اٹھاکر عوام کا استحصال کرنے سے روکا جاسکے۔ وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تیسری لہر میں متاثرین کی تعداد کم کرنے کیلئے حکومت کو ابھی سے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے ہوں گے۔ ر