وزراء ای راجندر اور جگدیش ریڈی ایک نشست پر تھے، ارکان کو پابندی کی ہدایت
حیدرآباد۔ اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے کووڈ۔19 قواعد کی خلاف ورزی پر 2 ریاستی وزراء پر برہمی کا اظہار کیا۔ اسمبلی اجلاس کے دوران کورونا قواعد کے مطابق ارکان کیلئے نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ دو نشستوں والی سیٹ پر صرف ایک رکن کو بیٹھنے کی اجازت ہے جبکہ دوسری نشست پر اسٹیکر چسپاں کردیا گیا کہ یہاں بیٹھنا منع ہے، اجلاس کے دوران وزیر صحت ای راجندر اور وزیر برقی جگدیش ریڈی بازو بازو نشستوں پر بیٹھے دکھائی دیئے۔ نوسٹنگ تحریر کے باوجود اس نشست پر جگدیش ریڈی بیٹھ کر وزیر صحت سے بات چیت کررہے تھے۔ اسپیکر نے جیسے ہی یہ منظر دیکھا قواعد کی خلاف ورزی کیلئے جگدیش ریڈی کی سرزنش کی۔ اسپیکر کی برہمی اور سرزنش کے ساتھ ہی جگدیش ریڈی فوری ای راجندر کے بازو سے اٹھ گئے اور انہیں الاٹ کردہ نشست پر جابیٹھے۔ اسپیکر نے ارکان کو ہدایت دی کہ وہ ایوان اور اس کے باہر کووڈ۔19 قواعد کی پابندی کریں۔ اسپیکر نے اجلاس کے دوران کورونا سے بچائو کیلئے ہر رکن کیلئے ماسک کے استعمال کو لازمی قراردیا ہے۔ اس کے علاوہ سماجی فاصلے کے ساتھ نشستیں الاٹ کی گئیں۔ ایوان اور اس کے باہر دیکھا جارہا ہے کہ بعض وزراء اور ارکان اسمبلی ماسک کے استعمال سے گریز کررہے ہیں۔ اسمبلی میں مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اور مباحث کا جواب دیتے ہوئے ارکان اور وزراء کو ماسک کے بغیر دیکھا گیا۔ جبکہ اسپیکر اسمبلی اجلاس کے آغاز سے اختتام تک ماسک کا استعمال کررہے ہیں۔ اسمبلی کے تمام اسٹاف اور سکیوریٹی عملے کیلئے بھی ماسک کا استعمال لازمی قراردیا گیا ہے۔ ارکان، عہدیداروں، سکیوریٹی عملہ حتی کہ صحافیوں کو کورونا ٹسٹ کے بعد اجلاس میں شرکت کیلئے خصوصی پاس جاری کیا گیا۔