کووڈ قوانین کے ساتھ پرامن انداز میں گنیش تہوار کا اہتمام کریں

   

Ferty9 Clinic

عادل آباد کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں گنیش تہوار پر امن کمیٹی کا اجلاس۔ کلکٹر سکتا پٹنائک کا خطاب

عادل آباد ۔ کووڈ ۔ 19 کے قوانین کا لحاظ رکھتے ہوئے پرامن طریقہ سے گنیش تہوار کا انعقاد عمل میں لانے کی خواہش ہندو اتسو سماج کمیٹی کے قائدین و گنیش فنڈس کے امیدواروں سے عادل آباد ضلع کلکٹر سکتا پٹنائک نے مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں امن کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کے دوران کی۔ گنیش تہوار کو قومی تہوار قرار دیتے ہوئے اس تہوار کے دوران امن و بھائی چارگی کے مظاہرے کے ذریعہ ضلع عادل آباد کی پرامن فضاء کو برقرار رکھنے ضلع کلکٹریٹ نے زور دیا۔ ضلع عادل آباد میں جاری ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کے پیش نظر عوام کے درپیش مسائل کو حل کرنے سڑکوں کی مرمت و دیگر مسائل کو حل کرنے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ عادل آباد ضلع ایس پی راجیش چندرہ نے گنیش وسرجن کے دوران ڈی جے ساؤنڈ سسٹم استعمال کرنے پر سخت پابندی عائد کرتے ہوئے گنیش منڈپ کے ذمہ دار افراد کو اپنے اپنے گنیش منڈپ اور اس کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرہ لگانے کا جہاں ایک طرف مشورہ دیا وہیں دوسری طرف گنیش تہوار کے دوران سری گنیش مورتی کی حفاظت کی امیدواری بھی منڈپ کے افراد پر عائد کی۔ گنیش منڈپ کی حفاظت کی خاطر ہمہ وقت گنیش پنڈال کے والنٹرس کو متعین کرنے پر زور دیا۔ موسم بارش کے پیش نظر عوام کی خاطر تمام تر حفاظتی اقدامات کرنے کے علاوہ محکمہ برقی سے صداقتنامہ حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ گنیش مورتیاں بٹھانے والے افراد کو قبل از وقت آن لائن http://policeportal.tspolice.gov.in درخواستیں داخل کرنے کی خواہش کی۔ دس روزہ سری گنیش تہوار کے دوران پولیس بندوبست میں اضافہ کرنے، گشتی پولیس کی خدمات واور ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنانے سے اتفاق کیا گیا۔ ایڈیشنل ضلع کلکٹر مسٹر رضوان پاشاہ شیخ نے کہا کہ گنیش تہوار کے دوران گنیش منڈپ اور اس کے اطراف صفائی کے نظام کا خاص خیال رکھتے ہوئے ڈینگو اور ملیریا جیسی بیماریوں سے ہر فرد کی حفاظت کرنے اور ہر فرد کو اپنے منہ پر ماسک لگانے، سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے کے علاوہ گنیش منڈپ میں لگائے جانے والی لائٹنگ کی وائرنگ کا خاص خیال رکھنے کی خواہش کی۔ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں امن کمیٹی کے منعقدہ اس اجلاس میں آر ڈی او مسٹر راجیشور، کمشنر بلدیہ شریمتی شیلمجہ، نائب صدر بلدیہ مسٹر ظہر رفعانی، DM&HD ڈاکٹر نریندر راتھوڑ، محکمہ ترقی اے ڈی ای مسٹر پرشانت ریڈی، ہندو سماج قائدین میں جنگلی آشنا، ڈاکٹر پرفول وجئے، پرمود کمار، بنڈاری دیوانا، مسٹر سراج قادری، مولانا اکبر الدین حسامی، حافظ منظور احمد کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری افراد موجود تھے۔