ملک بھر میں 11 ہزار آئی سی یو بیڈز ۔ ملک میں کورونا متاثرین 7,529 ہوگئے، 242 مریض فوت
نئی دہلی ۔ /11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت صحت نے آج کہا کہ ملک میں جملہ 586 دواخانوں کو کووڈ۔19 کیلئے مخصوص دواخانے قرار دیا گیا ہے جہاں زائد از ایک لاکھ آئسولیشن بیڈس اور 11500 آئی سی یو بیڈس کورونا وائرس مریضوں کیلئے محفوظ رکھے گئے ہیں ۔ وزارت کے جوائنٹ سکریٹری لوو اگروال نے بریفنگ میں کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے ملک میں سنگین مقامات کی نشاندہی کیلئے قبل از وقت کارروائی کی ۔ اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو /15 اپریل تک ملک میں کورونا وائرس کا قہر ناقابل بیان ہوجاتا ۔ وزارت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 1035 تازہ معاملے درج ہوئے اور اس وائرس کے سبب 40 اموات پیش آئی ۔ اس طرح ملک گیر سطح پر کیسوں کی جملہ تعداد 7529 ہوگئی اور اموات 242 ہوچکے ہیں ۔ جملہ متاثرین میں 71 بیرونی شہری شامل ہیں ۔ جمعہ کی شام سے 36 اموات درج ہوئیں جن میں سے مدھیہ پردیش میں 17 ، مہاراشٹرا میں 13 ، گجرات اور تلنگانہ میں 2 ، 2 اور دہلی و آسام میں 1 ، 1 موت شامل ہے ۔ آندھراپردیش اور کرناٹک میں 6 ، 6 اموات ہوئی جبکہ مغربی بنگال ، جموں و کشمیر اور اترپردیش میں 5 مریضوں کی جان گئی ۔ ہریانہ اور راجستھان میں 4 ، 4 مریض فوت ہوئے ۔ وزارت کے مطابق راجستھان میں کووڈ 19- کیسوں میں سب سے زیادہ 553 کا اضافہ ہوا جس کے بعد تلنگانہ میں 504 اور مدھیہ پردیش میں 443 ہیں ۔ اترپردیش میں 433 ، آندھراپردیش 381 ، کیرالا میں 364 اور گجرات میں 308 نئے کیس سامنے آئے ہیں ۔