نئی دہلی : حج 2021 ء کے لئے درخواستیں وصول کرنے کا عمل جاری رہنے کے دوران کوویڈ ۔ 19 کے باعث حج درخواستوں کی تعداد میں کمی دیکھی گئی۔ ملک کی کئی حج کمیٹیوں کو موصول ہونے والی درخواستیں غیر متوقع طور پر کم رہیں۔ اترپردیش میں 2021 ء میں صرف 3200 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ سال یہاں سے 29 ہزار درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ 7 نومبر کو آن لائن اور آف لائن درخواستیں داخل کرنے کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ اور درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 10 ڈسمبر مقرر تھی۔ اِس دوران کئی ریاستوں میں درخواستیں کم وصول ہوئی ہیں۔ عہدیداروں نے کہاکہ اِس کی کئی وجوہات میں اصل وجہ کوویڈ ۔ 19 ہے۔ محرم کے بغیر حج کے زمرہ میں کسی بھی ایک خاتون نے درخواست داخل نہیں کی۔ اِس زمرہ کے تحت 3 خواتین ایک گروپ بناکر درخواست داخل کرسکتی ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے اِس طرح کی خواتین کے لئے 500 سیٹیں مختص کی ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے عازمین حج کی تعداد مقرر کرنے کا کوئی قطعی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اِسی لئے ریاستوں کا کوٹہ بھی ابھی تک طے نہیں کیا گیا۔ یہ کوئی نہیں جانتا کہ آئندہ سال مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کو عازمین حج کی قطعی تعداد کتنی جائے گی۔ اترپردیش حج کمیٹی کے سکریٹری راہول گپتا نے کہاکہ ہم اِس سال حج کے لئے زیادہ سے زیادہ عازمین کو روانہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمارا ہاتھ میں کچھ نہیں ہے۔ اترپردیش کے کوٹہ کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کیا جاسکتا۔ مرکزی حج کمیٹی کو حکومت سعودی عرب کی طرف سے ہنوز کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔ اُنھوں نے اعتراف کیاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے اِس سال عازمین حج پر اثر پڑسکتا ہے۔ حکومت نے پہلے ہی عازمین کی روانگی پوائنٹس میں کمی لائی ہے۔ اِس سال واراناسی سے حج کیلئے کوئی پرواز نہیں ہے۔