کوویڈ۔19 کے یومیہ کیسوں میں اضافہ کے بعد وبئی میں ہاسپٹلس کو آپریشن منسوخ کرنے کاحکم

   

دوبئی: متحدہ عرب امارات میں کوویڈ۔19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر امارت دبئی کی حکومت نے تمام ہاسپٹلس کو آئندہ ایک ماہ کے دوران میں غیر ضروری آپریشن منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔دبئی کی ہیلتھ اتھارٹی نے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں اور مراکز صحت کو ایک سرکلر بھیجا ہے اور اس میں ان سے کہا ہے کہ وہ جمعرات سے صرف ہنگامی طبی کیسوں کی صورت ہی میں میڈیکل آپریشن کریں تاکہ ہاسپٹلس میں مریضوں کا رش نہ لگے۔یو اے ای میں گذشتہ نو روز سے کوویڈ۔19 کے یومیہ کیسوں کا نیا ریکارڈ بن رہا ہے۔ بدھ اور جمعرات کو ساڑھے تین ہزار سے زیادہ نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے لیکن اماراتی حکومت کی جانب سے علاقائی بنیاد پر کورونا کے نئے کیسوں کے اعداد وشمار جاری نہیں کیے جارہے ہیں جس سے یہ اندازہ ہوسکے کہ کس علاقے میں سب سے زیادہ کیس سامنے آرہے ہیں۔دبئی نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں کوویڈ۔19کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ کے باوجود سیاحت اور کاروبار کیلئے آنے والوں پر دروازے کھلے رکھے ہوئے ہیں۔تاہم دارالحکومت ابوظہبی میں سخت پابندیاں برقرار ہیں اور وہاں آنے والوں کیلئے کوویڈ۔19 کے ٹسٹ کا منفی نتیجہ پیش کرنا لازم ہے۔دبئی میں نومبر کے بعد کوروناکے یومیہ کیسوں کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔دسمبر کے آخر میں ہزاروں سیّاح نیا سال منانے کیلئے دبئی آئے تھے۔ان کے علاوہ حالیہ ہفتوں میں تعطیلات منانے کیلئے بھی بڑی تعداد میں غیرملکیوں کی شہر میں آمد ہوئی ہے۔دبئی حکومت نے سماجی فاصلے کی شرط اور عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی شرط برقرار رکھی ہوئی ہے۔تاہم باقی معمولات زندگی پر کوئی پابندی نہیں ہے۔