شام کے اوقات میں
پولیس پٹرولنگ کا مشورہ
حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) لوک آیوکت تلنگانہ جسٹس سی وی راملو نے ریاست میں کوویڈ قواعد کے نفاذ کے سلسلہ میں 4 فروری تک ڈائرکٹر جنرل پولیس، کمشنر جی ایچ ایم سی اور کمشنر پولیس رچہ کنڈہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔ جسٹس راملو نے حال ہی میں از خود کارروائی کرتے ہوئے کوویڈ قواعد پر عمل آوری کی ہدایت دی تھی۔ اسی درخواست کے تسلسل کے طور پر جسٹس راملو نے بلدیہ اور پولیس سے نفاذ کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے۔ واضح رہے کہ یکم ڈسمبر کو پہلی سماعت کے موقع پر لوک آیوکت نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں سوال کیا تھا۔ 17 ڈسمبر کو سماعت کے موقع پر سکریٹری ہیلت کے علاوہ حیدرآباد اور سائبرآباد کے پولیس کمشنرس نے رپورٹ پیش کی جبکہ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔ لوک آیوکت نے کہا کہ عوام کی جانب سے کوویڈ قواعد پر عمل آوری میں کوتاہی کی جارہی ہے۔ ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کے بارے میں عوام میں شعور کی کمی ہے۔ تجارتی مقامات اور کھانے پینے کے مقامات پر ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ لوک آیوکت نے تجویز پیش کی کہ پولیس کو اپنے حدود میں شام کے اوقات میں پٹرولنگ کے ذریعہ کوویڈ قواعد پر عمل آوری یقینی بنانی چاہیئے۔ر