کوویڈ ٹیکہ اندازی میں اضافہ کیا جائے

   

کریم نگر میں طبی عہدیداروں کے اجلاس سے ضلع کلکٹر کا خطاب
کریم نگر۔ بروز چہارشنبہ کلکٹر کیمپ آفس سے ضلع کلکٹر کریم نگر کے۔ ششانکا نے ضلع طبی عہدیداران ضلع سرکاری ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ، پروگرام آفیسر س، میڈیکل آفیسرس کے ہمراہ کورونا جانچ و ٹیکہ اندازی پروگرام کے متعلقہ امور پر ٹیلی کانفرنس کا انعقاد عمل میں لا یا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں یومیہ 3800 افراد کی ٹیکہ اندازی اور 3000کورونا ٹسٹ کئے جائیں ۔ کورونا مثبت کیسوں کے اندراج والے علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان علاقوں میں خصوصی میڈیکل کیمپ قائم کرتے ہوئے کورونا جانچ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ کورونا مثبت افراد کی تفصیلات ایپ میں درج کی جائیں۔ اس سے ان افراد کو کورونا علاج کی فراہمی میں آسانی ہوگی۔ کورونا مثبت تصدیق کردہ افراد کے افراد خاندان کو لازمی طور پر کورونا ٹسٹ کیا جائے۔ کورونا مثبت تصدیق کردہ افراد کو کٹ فراہم کرتے ہوئے انکے مکانات میں قرنطین کیا جائے ۔ ہر اربن ہیلتھ سنٹر میں یومیہ 150 تا 200 ابتدائی طبی مراکز میں 100 تا 150 کورونا ٹسٹ کئے جائیں۔ ہاؤسنگ بورڈ کالونی ،موتاز خانہ ،سپتہ گیری کالونی ، بی آر آر نگر کالونی ، ودیا نگر کالونی پی ایچ سی کے علاقوں میں کورونا ٹسٹ میں اضافہ کیا جائے۔ یومیہ 200 سے زائد کورونا ٹیکہ اندازی کی جائے۔ چپہ دنڈی ،کتہ پلی، تھیماپور ،ماناکنڈور راما ڈاگو ، پی ایچ سی میں ٹیکہ اندازی میں اضافہ کریں ۔ مزید ٹیکہ اندازی مراکز کے قیام کیلئے سرکاری اراضیات کی نشاندہی کی جائے۔ حضورآباد ایریا ہاسپٹل ، جمی کنٹہ پی ایچ سی میں یومیہ 200 سرکاری ہاسپٹل میں یومیہ 300 سے زائد کورونا ٹیکہ اندازی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ حضورآباد ایریا ہاسپٹل میں کورونا علاج کی فراہمی کیلئے 10 بیڈ و وارڈ کو تیار کرنے کی ہدایت دی۔ اس ٹیلی کانفرنس میں ضلع عہدیدار برائے صحت و طبابت ڈاکٹر سجاتا ، سرکاری ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ رتنامالا ، ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر جویریا ،پروگرام آفیسرس و دیگر نے شرکت کی۔