پداپلی:۔ ضلع میں 30 ستمبر2021 تک 100 فیصد کووڈ ویکسنیشن کیلئے انتظامیہ اور عملہ سر گرم ہے۔ان خیالات کا اظہار آج بروز جمعرات پداپلی ضلع ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا نے پداپلی بلدیہ کے 14 ویں وارڈ میں قائم کردہ کووڈ ویکسنیشن سنٹر کا معائنہ کے دورا ن کیا۔ انھوں نے کہا کہ تا حال ضلع میں 70 فیصد سے زائد افراد کو کووڈ ویکسن دیا گیا ہے۔ ضلع میں آنگن واڑی عملہ ، آشا ورکرس اور پنچایت سکریٹریز کو گھر گھر جاکر ٹیکہ اندازی سروے کرنے اور ویکسن نہ لینے والے افراد کی شناخت کرتے ہوئے انھیں لازمًا ٹیکہ دلوانے کی ضلع ایڈیشنل کلکٹر نے ہدایت دی۔انھوں نے مزید کہا کہ گھر گھر سروے کے دوران ویکسن سے متعلق تمام معلومات فراہم کرتے ہوئے ہر گھر کو اسٹیکر لگایا جائے۔ کورونا ٹیکہ سے متعلق عوام میں جو شکوک و شہبات ہیں انھیں دور کرنے کیلئے طبّی عملہ اور ڈاکٹروں کی ٹیم کے ذریعہ آگاہی پروگراموں کا انعقاد عمل میں لاکر ٹیکہ لینے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ ٹیکہ اندازی سنٹروں میں اگر ہجوم بہت زیادہ ہوتو رجسٹریشن کیلئے دوسرے عملہ کو تعینات کیا جائے۔ضلع میں جاریہ ماہ کے اواخر تک صد فیصد ٹیکہ اندازی مکمل کرنے کی ضلع ایڈیشنل کلکٹرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔
