حیدرآباد۔ کوویڈ 19کے جراثیم سے بچنے سینی ٹائزر ڈال کربنائی گئی چکن کری کے استعمال کے بعد ایک شخص بیمار پڑگیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے پاپاکاپلی کے ساکن یومیہ اجرت پر کام کرنے والے محمد یعقوب نے اپنے خاندان کے لئے چکن کری تیار کی تاہم انہوں نے اس ڈش میں ہینڈ سینی ٹائزر ملادیا تاکہ چکن میں کورونا کے جراثیم ہوں تو اس سے مرجائیں۔یہ واقعہ اگرچہ کہ اگست میں پیش آیا تاہم اس کا علم گذشتہ روز ہوا کیونکہ ایک مقامی عوامی نمائندہ نے اس بات کا علم ہونے پر یعقوب کے مکان پہنچ کر ان کے علاج کے لئے رقم دی اور یقین دہانی کروائی کہ وہ اس معاملہ کو وزیرصحت ای راجندر کے علم میں لائیں گے ۔اس چکن کری کو یعقوب کے گھر والوں نے کھانے سے انکار کردیا کیونکہ اس میں بدبو آرہی تھی۔اس چکن کری کو کھانے کے بعد یعقوب کو الٹیاں ہونے لگیں۔بعد ازاں ان کو ورنگل ضلع کے ایم جی ایم ہاسپٹل منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹرس نے بتایا کہ سینی ٹائزر سے ان کی آنتوں کو نقصان پہنچا ہے ۔اسی دوران یعقوب ہاسپٹل سے فرار ہوگئے کیونکہ اس ہاسپٹل میں کورونا کے مریض بھی زیرعلاج تھے ۔وہ ہاسپٹل سے سیدھے اپنے مکان پہنچے اور ایک ماہ سے اپنے مکان میں ہی علیل تھے کیونکہ ان کے پاس علاج کے لئے رقم نہیں تھی۔مقامی ضلع پریشد رکن سری رام شیام کو اس بات کا علم ہوا جس کے بعد وہ یعقوب کے مکان پہنچے اور فوری طورپر علاج کے لئے رقم حوالے کی۔انہوں نے اس مسئلہ کو وزیر صحت کے علم میں لانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔