نئی دہلی۔ دہلی میں کوویڈ 19 کے معاملات میں اضافے کے درمیان، وزیر اعلی اروند کیجریوال جمعہ کو صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کریں گے حالانکہ حکومت نے کہا کہ وہ الرٹ ہے۔ وزیر صحت سوربھ بھردواج نے کہا ہم چوکس ہیں، دہلی میں کوویڈ 19 کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔بھاردواج نے جمعرات کو ایک ہنگامی میٹنگ کی صدارت کی، جہاں اسپیشل سکریٹری، ہیلتھ، ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل، آکسیجن اور جانچ کے نوڈل آفیسر، اور لوک نائک جئے پرکاش نارائن سمیت کئی اسپتالوں کے میڈیکل ڈائریکٹر موجود تھے۔تاہم بڑھتے ہوئے معاملات کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ دہلی حکومت نے ابھی تک کسی پابندی پر بات نہیں کی ہے۔چہارشنبہکو دہلی میں کوویڈ 19کے 300 نئے کیسز اور دو اموات درج کی گئیں۔ محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق، اس وقت دارالحکومت میں 806 ایکٹو کیسز ہیں اور انفیکشن کی شرح 13.89 فیصد ہے۔