حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) کوویڈ 19 کی آڑ میں بیوی کا قتل کرنے والے شوہر نے پولیس کی پوچھ تاچھ میں مزید حیرت انگیز انکشافات کئے ہیں۔ ملزم نے بیوی کے خوبصورت ہونے پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا۔ شادی کے بعد ضلع نلگنڈہ سے ونستھلی پورم منتقل ہونے والا جوڑا وجئے نائیک اور 21 سالہ کویتا خوشحال زندگی بسر کررہے تھے۔ بیوی کی خوبصورتی کی تعریفوں کے پُل باندھنے والے وجئے نائیک کو بیوی کی خوبصورتی نے شک و شبہ میں ڈال دیا اور اس کی خوبصورتی کا اسے خوف ہوگیا۔ کویتا کا فون پر بات کرنا اسے مزید مشکوک بنادیا اور اس نے اس خوبصورتی کو ختم کرنے کیلئے بیوی کا قتل کردیا اور کوویڈ19 کا سہارا لیتے ہوئے اس کی آخری رسومات بھی انجام دے دی۔ تاہم کویتا کے مائیکے والوں کے شبہ نے پولیس کو جگایا اور حقیقت منظر عام پر آئی۔ پولیس نے گزشتہ روز ہی وجئے نائیک کو گرفتار کرلیا ۔
