کوٹائم میڈیکل کالج کا فرش پھٹ گیا ، وارڈ میں خوف و ہراس

   

Ferty9 Clinic

کوٹایم، 24 دسمبر (یو این آئی) کیرالا کے کوٹایم میں واقع سرکاری میڈیکل کالج اسپتال کے وارڈ نمبر 18 میں منگل کی رات اچانک فرش کی ٹائلیں زور دار دھماکہ کی آواز کے ساتھ پھٹنے سے مریضوں اور تیمارداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔یہ واقعہ رات تقریباً 10 بجے دوسری منزل پر واقع ای این ٹی وارڈ میں پیش آیا، جہاں تقریباً 20 مریض اور تیماردار موجود تھے ۔ بتایا گیا ہے کہ متعدد ٹائلیں اچانک چٹخ گئیں اور اُچھل پڑیں، جس سے یہ خدشہ پیدا ہوگیا کہ عمارت کا کوئی حصہ منہدم ہو گیا ہے ۔آواز سے گھبرا کر مریض اور ان کے اہل خانہ وارڈ سے باہر نکل آئے ۔ اسپتال کی سکیورٹی ٹیم نے فوری مداخلت کرتے ہوئے اندر موجود افراد کو محفوظ نکال لیا ۔ پولیس اور اسپتال حکام نے موقع کا معائنہ کیا اور تصدیق کی کہ عمارت کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا ہے ۔ احتیاطی تدبیر کے طور پر مریضوں کو دیگر وارڈز میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔فرش کی ٹائلوں کے اچانک پھٹنے کی وجوہات جاننے کیلئے مزید تکنیکی جانچ جاری ہے ۔