نالے کے فوری مرمتی کام کرتے ہوئے مریضوں کو مشکلات سے بچانے کا حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے بارش سے کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل میں تین فیٹ تک پانی جمع ہوجانے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ سرکاری مشنری کی غفلت اور لاپرواہی پر سخت برہمی ظاہر کی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ایک ماہ سے ہاسپٹل کے نالہ پر موجود سلاب ناکارہ ہوگیا ۔ گندہ پانی ہاسپٹل کے احاطے میں بہہ رہا ہے ۔ عوام کی جانب سے مسلسل شکایتیں کرنے کے باوجود عہدیداروں نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ ہاسپٹل کو علاج کیلئے پہونچنے والے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔ کل شام سے شہر حیدرآباد میں ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے پانی ہاسپٹل کے احاطے میں داخل ہوگیا ہے ۔ حکومت کی اس لاپرواہی پر ہریش راو نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت اور حفاظت کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی احتیاطی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت کے دوران ’ بلاک فنگس ‘ جیسے بحران کے موقع پر بھی اس ای این ٹی ہاسپٹل نے انتہائی عمدہ طبی خدمات فراہم کی تھی ۔ لیکن کانگریس کے دور حکومت میں اس ہاسپٹل کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ ہریش راؤ نے ای این ٹی ہاسپٹل میں داخل ہونے والے پانی کی ویڈیو سوشیل میڈیا میں پیش کی اور کہا کہ ہاسپٹل کے نالے کو مرمت نہ کرنے کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی شہر حیدرآباد میں بارش ہورہی ہے اس ہاسپٹل کے مریضوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ حکومت فوری ہوش میں آئے اور نالے کی مرمت کریں ۔ سیلاب کا پانی ہاسپٹل میں داخل نہ ہو اس کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔ 2