کوٹھی علاقہ میں مہیب آتشزدگی 8‘ دکانات خاکستر

   

حیدرآباد۔ شہر کے مصروف ترین علاقہ کوٹھی میں کل رات دیر گئے مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں 8 ملبوسات کی دکانات جل کر خاکستر ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق آندھرا بینک کوٹھی کے قریب تجارتی علاقہ میں کل رات دیر گئے اچانک آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں اس آگ نے 8 دکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی عوام نے فوری پولیس کنٹرول روم کو آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں جائے حادثہ پر 4 فائر انجنوں کو طلب کرلیا گیا تھا۔ مسلسل کوششوں کے باوجود بھی ملبوسات کی دکانات کو نقصان سے بچایا نہیں جاسکا اور دکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس واقعہ کے بعد کوٹھی کی مارکٹ میں اچانک سنسنی پھیل گئی اور فائر انجن عملے کے راحت کاری کاموں کے نتیجہ میں ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا ہوگیا تھا۔ پولیس سلطان بازار نے بتایا کہ علاقہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ حادثہ ہوا ہے لیکن وہاں کے تاجرین نے اس حادثہ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حادثہ کے پس پردہ کوئی سازش ہوسکتی ہے۔ بعض تاجرین نے کہا کہ وہ گذشتہ 50 سال سے اس مقام پر کاروبار کررہے ہیں اور حالیہ دنوں حکومت سے اراضی کے مسئلہ پر تنازعہ چل رہا ہے۔ پولیس سلطان بازار نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔