کوپا امریکہ کپ بھی ایک سال کیلئے معطل

   

لندن۔19مارچ (سیاست ڈاٹ کام)عالمی سطح پرکورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر رواں سال مقررہ اہم فٹبال مقابلوں یوروکپ اور کوپا امریکہ کو ایک سال کے لیے موخر کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یورپیئن فٹبال گورننگ باڈی کا خصوصی اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ اداروں نے یوروکپ کو ایک سال کے لیے موخر کرنے کا فیصلہ کیا۔یہ ٹورنمنٹ رواں سال12 جون سے 12جولائی تک منعقد ہونا تھا لیکن اب اسے آئندہ سال 11جون سے 11جولائی تک منعقد کیا جائے گا۔ اس ایونٹ کے التوا کے بعد اب وائرس کے پھیلاؤ کے سبب ملتوی ہونے والی دنیا بھر کی یورپیئن لیگز کے مقابلے منعقد ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے لیکن اس کا انحصار بھی اس بات پر ہو گا کہ کورونا وائرس کے دنیا بھر میں مزید کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ یوئیفا کے صدر الیگزینڈر کیفرن نے کہا کہ اس وقت میں فٹبال کی برادری کو ذمے داری، اتحادی اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے اور ہمارے لیے کھلاڑیوں، شائقین اور عملے کی صحت اولین ترجیح ہے۔ امریکہ بھر کے ممالک کے درمیان منعقد ہونے والے مقابلے کوپا امریکہ کپ 12 جون سے 12جولائی سے ہونا تھا اور پہلی مرتبہ ایک کے بجاے کوپا امریکہ کے مقابلوں کا انعقاد دوملکوں ارجنٹینا اور کولمبیا میں ہونا تھا۔