کوچین کارنیوال میں نذرِ آتش کرنے کیلئے پتلے کی تیاری

   

وزیراعظم مودی سے مشابہت پر بی جے پی کا سخت اعتراض

کوچی :کیرالا کے کوچی میں چل رہے کوچین کارنیوال میں لگائے گئے عظیم الشان ’پپن جی‘ کے پْتلے کے چہرے پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ مقامی بی جے پی قائدین نے پولیس سے شکایت کی ہے کہ مشہور ’پپن جی‘ کے پْتلے کا چہرہ وزیر اعظم مودی جیسا دکھائی دے رہا ہے۔ بی جے پی نے وزیر اعظم مودی کی مشابہت والا پْتلا بنائے جانے کا الزام لگاتے ہوئے اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔مقامی بی جے پی قائدین اسے وزیر اعظم کی بے عزتی قرار دے رہے ہیں اور سخت برہم ہیں۔ منتظمین نے کہا ہے کہ مبینہ طور پر مودی سے مشابہت رکھنے والے پْتلے کا چہرہ بدل دیا جائے گا اور روایتی جشن کے لیے نئے پْتلے کو ہی نذرِ آتش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کارنیول فورٹ کوچی میں منعقد کیا جا رہا ہے اور پْتلے کی رونمائی کیے جانے پر اس کا چہرہ صاف نظر آیا جو کہ پی ایم مودی سے مشابہت رکھتا ہے۔ کارنیول کا رواج ہے کہ نئے سال کا استقبال کرنے کے لیے نصف شب کو ’پپن جی‘ کا پْتلا نذرِ آتش کیا جاتا ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ پپن جی کا نیا پْتلا 31 دسمبر کی نصف شب کو نذرِ آتش کیا جاتا ہے، یا پھر مودی سے مشابہت رکھنے والا پْتلا ہی جلایا جائے گا۔