کوچی میں 600 کروڑ کی لاگت سے اڈانی کا لاجسٹکس پارک

,

   

کوچی، 23 اگست (یو این آئی) اڈانی پورٹس اینڈ اسپیشل اکنامک زون لمیٹڈکیرالا کوچی میں 600 کروڑ روپے کی لاگت سے لاجسٹکس پارک تعمیر کرے گا۔ اس کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں ہفتہ کو چیف منسٹر پینارائی وجیئن بھی شریک ہوئے ۔اڈانی پورٹس نے آج بتایا کہ ‘کیرالہ میں سرمایہ کاری کریں’ مہم کے تحت کوچی کے کلامسّیری میں تیار ہونے والا یہ تاریخی منصوبہ ریاست کو ایک لاجسٹکس اور صنعتی مرکز میں بدلنے کی سمت ایک اہم قدم ہے ۔ اسٹریٹیجک طور پر واقع یہ پارک 70 ایکڑ سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا ہے ۔ اسے نقل و حمل کے اخراجات کو کم کرنے ، بروقت کارروائیوں کو فعال کرنے اور ای کامرس، ایف ایم سی جی/ ایف ایم سی ڈی، فارماسیوٹیکل، آٹوموٹیو اور ریٹیل سمیت اہم شعبوں میں برآمدی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ اس سے 1,500 افراد کو روزگار ملے گا ۔اے پی ایس ای زیڈ کے کل وقتی ڈائریکٹر اور سی ای او، اشونی گپتا نے کہا کہ یہ پارک جنوبی ہند میں ہماری لاجسٹکس موجودگی کو مضبوط کرنے ، مقامی مینوفیکچرنگ اور علاقائی ترقی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ہم عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے پرعزم ہیں جو پائیداری، کنیکٹیوٹی اور قومی ترقی کو فروغ دے گا۔