کوچ لکشمن کے ساتھ ٹیم زمبابوے روانہ

   

نئی دہلی۔ نوجوان ہندوستانی کرکٹ ٹیم اور عبوری کوچ وی وی ایس لکشمن ہرارے اسپورٹس کلب میں 6 سے 14 جولائی تک مقرر پانچ میچوں کی ٹی20 سیریزکے لیے زمبابوے کے لیے روانہ ہوگئی۔ بی سی سی آئی نے زمبابوے کے لیے روانہ ہوتے ہی کھلاڑیوں اورکوچ کی تصاویرکی ایک سیریز سوشل میڈیا پر شائع کی۔ یہ چوتھا موقع ہوگا جب زمبابوے مردوں کی دو طرفہ ٹی20 سیریز میں ہندوستان کی میزبانی کرے گا، اس سے قبل بالترتیب 2010، 2015 اور 2016 میں سیریز ہوچکی ہے ۔ جس ٹیم کی قیادت شوبھمن گل کریں گے اس میں ابھیشیک شرما، شیوام دوبے، ریان پراگ، اور تشار دیش پانڈے شامل ہیں، جنہوں نے قومی ٹیم میں پہلی مرتبہ شرکت کی ہے۔ آئی پی ایل 2024 میں گجرات ٹائٹنز کے انچارج ہونے کے بعد زمبابوے کا دورہ بین الاقوامی سطح پرگل کی پہلی بڑی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 میں ان کی متعلقہ فرنچائزز کی شاندار کارکردگی نے ابھیشیک، نتیش ریڈی، ریان اور تشارکو پہلی بار ہندوستانی ٹیم میں شامل کرنے پر مجبورکیا ہے۔ وکٹ کیپر دھرو جریل کو اس سال کے شروع میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 4-1 کی فتح میں ہندوستان کے لیے تین ٹسٹ کھیلنے کے بعد پہلی بار ہندوستان کی ٹی20 اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔