حیدرآباد ۔23 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس کے پس منظر میں لاک ڈاؤن کے درمیان ڈیوٹی انجام دینے والے صحافیوں کو انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے۔ حکومت کی جانب سے یہ انشورنس دیا جائے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ ہریانہ حکومت نے کورونا وباء کی رپورٹنگ کرنے والے ہر جرنلسٹ کیلئے 10 لاکھ روپئے انشورنس کا اعلان کیا ہے ۔ مغربی بنگال حکومت نے کوڈ۔19 کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو انشورنس کے دائرہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ تلنگانہ حکومت کو کسی طرح کے پیاکیج کا اعلان کرنا چاہئے ۔ سینکڑوں کی تعداد میں رپورٹرس ، کیمرہ مین ، فوٹو گرافرس اور ڈیسک پر کام کرنے والے صحافی نیوز اسٹوڈیو سے وابستہ افراد اپنی صحت اور زندگی کو خطرہ میں ڈال کر فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ عوام کو باخبر رکھا جائے۔ مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو میں کئی صحافی وائرس سے متاثر ہوئے۔