کوڑنگل لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لیے تیزی کا مشورہ

   

مچھلی مارکٹ کی تعمیر اور پراجکٹ پر جائزہ اجلاس ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔18جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کوڑنگل لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کو تیز کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ اب ہر 4ہفتہ میں کوڑنگل لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کریں گے اور ان کاموں کے لئے فنڈ س کی اجرائی کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔ انہو ںنے عہدیداروں کو تاکید کی کہ وہ اس آبپاشی پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں کئے جانے والے تمام اقدامات کی رپورٹ تیار رکھیں تاکہ حکومت کی جانب سے رپورٹ طلب کئے جانے پر فوری طور پر اسے پیش کیا جاسکے۔انہوں نے عہدیدار وں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے آبپاشی مسائل کے حل کے لئے ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں اور ماہرین کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر عمل آوری کے ذریعہ انہیں تیزی کے ساتھ پائے تکمیل کو پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کوڑنگل میں مچھلی مارکٹ کی تعمیر کے کاموں کو منظوری دیتے ہوئے کہا کہ کوڑنگل میں مچھلی مارکٹ کی تعمیر کے لئے ماہرین سے تجاویز وصول کرتے ہوئے ان پر عمل آوری کے اقدامات کئے جائیں تاکہ جلد سے جلد اس مارکٹ کی تعمیر کو یقینی بنایا جاسکے۔چیف منسٹر نے اس جائزہ اجلاس کے دوران مدور ریسڈینشل کیمپس کی تعمیر کے سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز میں معمولی ترامیم کے سلسلہ میں اپنی رائے دی اور کہا کہ ان کی جانب سے دی جانے والی رائے کا جائزہ لیتے ہوئے اس پر عمل آوری کی جائے۔3