کوڑنگل میونسپلٹی کے خصوصی اجلاس کا انعقاد

   

ترقیاتی کاموں کیلئے تین سو کروڑ روپے کے منصوبوں کی تیاری
کوڑنگل ۔ 6 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کڈا اسپیشل آفیسر وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ کوڑنگل میونسپلٹی کی ترقی کے لئے تین سو کروڑ روپیوں سے زائد منصوبے تیار کئے گئے ہیں۔ موقع سے صحیح فائدہ اٹھاتے ہوئے ترقی کے کاموں میں بھرپور تعاون کریں۔ گزشتہ روز میونسپل آفس میں میونسپل چیرمین جگدیشور ریڈی کی زیر صدارت ترقیاتی کاموں پر خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ کوڑنگل کی ترقی کے لئے آئندہ پانچ برسوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے کاموں پر مبنی حکومت کو قرار داد بھجوانے کو کہا۔ میونسپلٹی کے ترقیاتی کاموں کے لئے مبلغ تین سو کروڑ روپیوں کی خطیر رقم پر مبنی قرارداد چیف منسٹر کو بھجوائے جانے کی بات کہی۔ یہاں پر جو دوکانات چھوٹے تاجروں کی ہیں ان تاجروں کو آر ٹی سی کامپلکس میں ملگیاں الاٹ کی جائیں گی۔ اسی طرح ونائک چوراہا پنہا لچھمی وینکٹیشورا دیوستھانم سڑک کی کشادگی کے لئے قرار داد منظور کی گئی ہے۔ امبیڈکر چوراہا پر ڈرنیج تعمیر کروانے کی بات کہی۔ میونسپل کمشنر پروین کمار ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میونسپلٹی کی آمدنی کم ہے۔ نئی میونسپلٹی کو ذاتی آمدنی کے لئے وقت درکار ہوگا۔ میونسپل کارکنوں کو تنخواہیں اور کنٹراکٹرس کو بلس حوالہ کرنا ہوگا۔ حکومت سے خاص طور پر پچاس لاکھ روپیوں کی خطیر رقمی منظوری کروانے پر عارضی طور پر کسی حد تک رقمی ضرورت پوری ہوگی۔ اس اجلاس میں میونسپل وائس چیرمین اوشارانی، کونسلرس اور آفس اسٹاف نے حصہ لیا۔