کوڑنگل : چنچولی ، محبوب نگر بین ریاستی شاہراہ پر گزشتہ روز کوڑنگل سے دس کلومیٹر فاصلہ پر بجانب محبوب نگر دودھیان گیٹ کے دامن میں دو مخالف سمت سے آنے والی موٹر سیکلوں کے مابین خوفناک تصادم میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کی بتائی ہوئی تفصیلات کے بموجب ضلع نارائن پیٹ کے منڈل کوسگی کے موضع کوتہ پلی کا متوطن گُٹہ بونی انجلپا نامی 35 سالہ شخص زراعتی کاروبار کرتے ہوئے زندگی بسر کررہا تھا ۔گزشتہ روز اپنے کاروبار سے فراغت کے بعد موٹر سیکل پر دودھیال گیٹ سے ہوتے ہوئے اپنے وطن کوتہ پلی واپس ہورہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی برق رفتار موٹر سیکل اس کی موٹر سیکل سے متصادم ہوگئی ۔ اس حادثہ میں انجلپا کو شدید چوٹیں آئیں۔ قرب و جوار کے لوگ فوراً جائے حادثہ پر پہنچ کر علاج کے لئے محبوب نگر دواخانہ منتقل کررہے تھے کہ راستہ میں ہی موت واقع ہوگئی ۔ پوسٹ مارٹم کیلئے نعش کو دواخانہ سرکاری کوڑنگل منتقل کیا گیا ۔ ایس آئی روی کے مطابق متوفی کی بیوی بھاگیماں کی درخواست پر کیس درج کیا جاکر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔