کوڑنگل: پچھلے چند مہینوں سے رجسٹریشن آفس کوڑنگل میں 10 روپئے اور 20روپئے مالیتی اسٹامپ پیپرس کی شدید قلت پائی جاتی ہے جس کے باعث صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ خاص طور پر طلبہ برادری میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ کوڑنگل کے سماجی کارکن و سابق ڈیلر ذاکر حسین نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ موصوف گزشتہ دنوں جذبہ خیرسگالی کے تحت طلبہ کیلئے Affidevit کی تکمیل جیسے امور کی انجام دہی کے دوران انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ رجسٹریشن آفس کوڑنگل میں اکثر اسٹاک غیر موجود رہتا ہے جس سے صارفین دگرگوں ہوجاتے ہیں۔ طلبہ برادری کو مجبوراً 50 روپئے کا اسٹامپ پیپر حاصل کرنا پڑتا ہے۔ ایفیڈیویٹ کی تکمیل کے لئے 10 روپئے کا اسٹامپ پیپر درکار ہوتا ہے مگر مذکورہ اسٹامپ پیپرس کی قلت سے زائد روپئے مالیتی اسٹامپ پیپرس کے حصول میں مفلوک الحال طلبہ کو کافی پریشانی اٹھانی پڑتی ہے۔ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے 10 روپئے مالیتی اسٹامپ پیپرس کی کثیر تعداد میں ضرورت درپیش ہوگی۔ ذاکر حسین نے ارباب مجاز سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ صداقت ناموںکیلئے ایفیڈیویٹ کا لزوم نہ رکھیں جس میں کافی وقت لگتا ہے۔ انہوں نے اسٹامپ پیپرس کی وافر مقدار میں چھپوائی کرواتے ہوئے رجسٹریشن آفس کوڑنگل کو عاجلانہ طور پر اسٹاک روانہ کرنے کا بندوبست کریں تاکہ بیشتر صارفین و طلبہ کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔
