سڑک کی توسیع کے نام پر مسلمانوں کی دلآزاری ۔ امجد اللہ خاں خالد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ دیگر قائدین بھی گرفتار
حیدرآباد 21 ستمبر ( سیاست نیوز) شہر سے 2 گھنٹہ کے فاصلہ پر مختلف محکمہ جات کی کاروائی میں تین قبرستانوں ‘ ایک عاشور خانہ اور چھلہ مبارک کو سڑک کی توسیع کیلئے مسمار کردیا گیا۔ حکومت تلنگانہ نے گوڑنگل کی ترقی کیلئے 29 ڈسمبر 2023 کو کوڑنگل ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی تشکیل دے کر گوڑنگل کی ترقی کے ماسٹر پلان کو منظوری دی تھی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حلقہ انتخاب کوڑنگل میں اس کارروائی پر مقامی مسلمانوں نے شدید احتجاج کرکے برہمی کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب رات 2بجے کے بعد بھاری پولیس کی جمیعت کی نگرانی میں حبیب شاہ قبرستان‘ قاضیوں کے قبرستان اور اندرگنج قبرستان( حظیرہ) میں قبور کو مسمار کردیا گیاعلاوہ ازیں حبیب شاہ ؒ قبرستان کی دیوار سے متصل چھلہ مبارک کے علاوہ عاشور خانہ کو بھی مکمل مسمار کرکے مسطح کردیا گیا۔ صبح صادق ان قبور کی مسماری اور بے حرمتی کی اطلاعات پر مقامی مسلمانوں نے اس کاروائی کے خلاف شدید احتجاج کرکے خاطیو ں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ شروع کردیا ۔ ترجمان مجلس بچاؤ تحریک جناب امجد اللہ خان کو اطلاع ملتے ہی وہ کوڑنگل کیلئے روانہ ہوگئے لیکن انہیں راستہ میں پولیس نے روک لیا دورہ کی اجازت نہ دے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ۔جناب محمد مسیح اللہ خان سابق صدرنشین وقف بورڈ ‘ جناب ایم اے مجیب سابق صدرنشین اردو اکیڈیمی ‘ جناب اعظم علی خرم نے کوڑنگل پہنچ کر مسمار قبرستانوں کے پاس احتجاج کیا جنہیں پویس نے حراست میں لیتے ہوئے کوڑنگل پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ انہیں شام میں رہا کیاگیا۔ جناب اسحق امتیاز سابق صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے کوڑنگل میں مسلمانوں کے احتجاج میں شامل ہوکر اس کارروائی پر برہمی ظاہر کی اور اسے مسلمانوں کی دلآزاری سے تعبیر کیا۔ جناب اسحق امتیاز کو بھی کوڑنگل میں گرفتار کرکے پرگی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا جہاں سے انہیں شام رہا کیاگیا۔ کوڑنگل ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی عہدیدار وینکٹ ریڈی اور کمشنر بلدیہ کوڑنگل بلرام نائک کی نگرانی میں اس کارروائی میں زائد از 200 قبور مسمار کئے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حلقہ انتخاب میں اس کارروائی کے خلاف عوامی مجلس عمل کے سربراہ جناب مجاہد ہاشمی نے کوڑنگل پہنچ کر احتجاج کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ قبرستان حبیب شاہ ؒ میں ان کے دادا کی قبر موجود ہے ۔ بتایا گیا کہ سڑک کی دونوں جانب قبرستانوں کو سڑک کی توسیع کیلئے قبور کو مسمار کرکے انہیں مسطح کردیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق کوڑنگل ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی یا کوڑنگل بلدیہ سے ان قبرستانوں کی اراضی کے حصول کے سلسلہ میں وقف بورڈ کو مطلع نہیں کیااور نہ وقف بورڈ عہدیداروں کو معلومات فراہم کی گئیں ۔کوڑنگل میں اس اقدام کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی و غیر قانونی طریقہ سے قبرستانوں کی اراضیات اور قبور کی مسماری پر کوڑنگل کے بعض کانگریس اقلیتی قائدین نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ مسلمانوں میں شدید ناراضگی ہے۔ 3