لو سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے حکیم مقتدر خاں کا عوام کو مشورہ
کوڑنگل ۔ 3 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ روز 5 بجے شام وحید اسیرؔ نمائندہ سیاست کوڑنگل نے حیدرآباد کی ادب نواز شحصیت و ممتاز یونانی حکیم محمد مقتدر خاں سے انٹرویو کے دوران حال ہی میں جامع مسجد کے عقب میں یونانی دواخانہ قائم کرنے والے حکیم موصوف نے انکشاف کیا کہ موصوف کے والد بزرگوار حکیم محمد ابراہیم خاں (مرحوم) دادا حکیم محمد مولانا (مرحوم)، حضور نظام کے شخصی معالجین میں سے تھے۔ حکیم محمد مقتدر خاں نے مزید کہا کہ پریم نگر ایرہ گڈہ حیدرآباد میں درمان کلینک کے نام پر عرصہ دراز سے میرا دواخانہ قائم ہے۔ اسی دواخانہ کی برانچ کوڑنگل میں قائم کی گئی ہے۔ حکیم محمد مقتدر خاں نے مزید کہا کہ کوڑنگل مستقر اور اطراف و اکناف مقامات پر ان دنوں جھلسادینے والی گرمی محسوس کی جارہی ہے۔ گزشتہ ہفتہ سے گرمی میں حد درجہ اضافہ ہوگیا ہے۔ چرندے، پرندے، درندے اور بندے سبھی پریشان ہیں۔ دن بہ دن درجہ حرارت میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ دوپہر کے اوقات میں وقفہ وقفہ سے گرم لو چل رہی ہے۔ پیشہ مزدور اور ضعیف لوگوں کے سن اسٹروک سے متاثر ہوکر دواخانوں سے رجوع ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بہرحال گرمی سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ لہذا چھوٹے بچوں، حاملہ خواتین اور ضعیف لوگوں کو لو سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہئے۔ حکیم صاحب موصوف نے مزید انکشاف کیا کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت ٹوپی، چھتری اور ٹھنڈی عینکیں وغیرہ استعمال کی جائیں۔ جہاں تک ہوسکے صبح 11 بجے تک اور شام میں 4 بجے بعد ہی سفر کو ترجیح دیں۔ لو سے بچنے کے لئے روزانہ تقریباً 4 لیٹر پانی پئیں۔ گرمی کی شدت کی وجہ سے جسم سے سوڈیم اور پوٹاشیم پسینہ کی شکل میں خارج ہونے پر چکر آنے کا شدید خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ ایسے میں ہرکس و ناکس کو چھانچ، ناریل کا پانی اور پینے کا پانی زیادہ مقدار میں استعمال کرنا چاہئے۔ کمسن بچے گرمی کی شدت کی وجہ اگر ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہو جائیں تو انہیں ناریل کا پانی اور چھانچ پلائی جائے۔