بی آر ایس مایناریٹی سیل جنرل سکریٹری عبدالمقیت چندا کی رہائش پر بلڈوزر
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کوڑنگل میں تین دن قبل راتوں رات تین قدیم قبرستانوں ، عاشور خانہ اور چھلہ محبوب سبحانی کو شہید کردیا گیا تھا جس کی اطلاع ملنے پر بی آر ایس میناریٹی سیل جنرل سکریٹری عبدالمقیت چندا نے کوڑنگل میں قبرستانوں کا دورہ کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے اسمبلی حلقہ میں کوڑنگل ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے کی گئی کارروائی کی گئی جس سے صاف ظاہر ہے کہ اس کا علم چیف منسٹر کو بھی ہے ۔ وقف بورڈ عہدیداروں نے صرف مقام کا معائنہ کیا اور بغیر کسی کارروائی اور ایف آئی آر درج کرائے بغیر ہی روانہ ہوگئے ۔ عبدالمقیت چندا نے الزام عائد کیا کہ وقف بورڈ عہدیداروں کو ناتو سروے نمبرات کا علم ہے اور نہ کسی کے تحت کارروائی انجام دی گئی اس کا بھی علم نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور میں مسلمانوں پر ظلم اور ان کی جائیدادوں پر حملے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہیں فورا چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دینا چاہئے ۔ کوڑنگل کے قبرستانوں میں مزاروں پر گندہ پانی بہہ کر آرہا ہے اور تین دن گزر جانے کے بعد بھی ان کی بازیابی نہیں کی گئی ۔ کانگریس میں خود کو سیکولر جماعت قرار دیتی ہے تو دوسری جانب مسلمانوں پر ظلم کرتی ہے ۔ عبدالمقیت چندا کی اس کارروائی کے بعد چہارشنبہ کو ان کے مکان کے روبرو بلڈوزر ٹھہرا ہوا پایا گیا ۔ جس پر انہوں نے الزام لگایا کہ انہیں بلڈوزر کے ذریعہ ڈرانے کی کوشش کی گئی اور جب انہوں نے اس کی ریکارڈنگ شروع کر کے سوشیل میڈیا پر پوسٹ کیا تو فوراً بلڈوزر کو وہاں سے ہٹالیا گیا ۔ جس کی اطلاع ملنے پر وحید احمد ایڈوکیٹ سابق وقف بورڈ ممبر چندا کے مکان پہنچے اور اس کارروائی کی سخت مذمت کی ۔۔ ش