فرائض سے غفلت برتنے پر ایم پی پی مُدّپا دیشمکھ کی شدید برہمی
کوڑنگل ۔ منڈل پرجا پریشد آفیس کوڑنگل میں گزشتہ روز محکمۂ زراعت کے عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اس موقع پر ایم پی پی کوڑنگل مسٹر مُدپا دیشمکھ نے عہدیداران کی کارگزاری پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اے او بالاجی پرساد فصلوں کی تیاری پر کسان برادری کو ضروری صلاح و مشورے نہیں دے رہے ہیں ۔ رعیتو بیمہ کے اندراج میں تساہلی برتی جارہی ہے جس سے بیشتر کسان فائدے سے محروم ہیں۔ ایم پی پی موصوف نے کہاکہ عہدیداران دفاتر میں بیٹھے رہنے سے کام نہیں بنتا بلکہ کسانوں تک پہنچ کر اُنھیں فائدہ پہنچانے کی مقدور بھر کوشش کریں۔ روزگار کے تحت مبلغ ایک کروڑ روپیوں سے ضروری کاموں کا آغاز کریں۔ بیشتر سرپنچوں نے بتایا کہ آنگن واڑی مراکز کام نہیں کررہے ہیں ۔ مسٹر مُدپا نے مزید کہاکہ آئی سی ڈی ایس عہدیداران مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے ضروری اقدامات انجام دیں۔ ہمارا گاؤں ہمارا مدرسہ پروگرام کے تحت منتخب مدارس میں سہولیات بہم پہنچانے کے لئے ضروری کارروائی کریں۔ وائس ایم پی پی رحمت اﷲ ، ڈی ٹی پی سرینواس ، بیشتر مقامات کے سرپنچ ، ایم پی ٹی سیز کے علاوہ سرکردہ عوامی قائدین نے حصہ لیا ۔