کوڑنگل میں کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ

   

نوتعمیردواخانہ کے فوری آغاز کا مطالبہ ، احتجاجیوں کی گرفتاری
کوڑنگل : میونسپلٹی کوڑنگل میں نوتعمیرشدہ پچاس بستروں پر مشتمل دواخانہ کا فوری آغاز کرنے کیلئے یوتھ کانگریس قائدین نے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا پروگرام منظم کیا ۔ قائدین نے انکشاف کیا کہ دواخانہ کی تعمیر وغیرہ مکمل ہونے کے بعد آغاز نہ کرنا فہم و قیاس سے بالاتر ہے ۔ گزشتہ روز کانگریس قائدین مسرز ایم کرشنم راجو ، ریڈی سرینواس ، سنگر نرسمہا اور وینکٹیش وغیرہ نے دواخانہ کا گھیراؤ کرنے کیلئے احاطہ میں پہنچ گئے ۔ سرکل انسپکٹر پولیس کوڑنگل اپیا ، سب انسپکٹر پولیس سامیا نائیک کی زیرقیادت پولیس عملہ کی جانب سے اُنھیں روک دیا گیا لہذا یوتھ کانگریس قائدین نے روڈ پر بیٹھ کر حکومت اور رکن اسمبلی کیخلاف نعرے بلند کئے ۔ پولیس نے انھیں گرفتار کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ مذکورہ قائدین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دواخانہ سرکاری میں علاج و معالجہ کی خاطر خواہ سہولت نہ ہونے سے عوام الناس مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔ لہذا حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا کہ فوری پچاس بستروں پر مشتمل نوتعمیر شدہ دواخانہ کا آغاز کیا جائے ۔