کوڑنگل کو ریونیو ڈیویژن بنانے کا پرزور مطالبہ

   

اپوزیشن کے زیراہتمام دس روز سے جاری احتجاج میں اچانک شدت

کوڑنگل ۔ یکم / جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع وقار آباد سے وابستہ ہر لحاظ سے پسماندہ علاقہ حلقہ اسمبلی کے مستقر بمقام کوڑنگل کو ریونیو ڈیویژن مستقر بنانے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ قائدین مسرز اندرنور بشیر سی پی آئی ، چندرپا بی جے پی ، وینکٹیشورولو بی ایل ایف اور بھیم راج بی سی سنگم وغیرہ نے بین ریاستی امبیڈکر چوراہا پر گزشتہ دس روزسے زنجیری بھوک ہڑتال پر ہیں ۔ گزشتہ روز احتجاج میں اچانک شدت پیدا کرتے ہوئے کوڑنگل ٹاؤن کے مدارس کے طلباء و طالبات کے اشتراک سے زبردست ریالیوں کا اہتمام کرتے ہوئے چوراہا مذکورہ پر انسانی زنجیر کا اہتمام کرتے ہوئے راستہ روکو احتجاج کیا گیا جس سے بین ریاستی شاہراہوں پر چاروں جانب تقریباً ایک کلو میٹر فاصلہ تک موٹر گاڑیوں کی قطاریں دیکھی گئیں ۔ آر ٹی سی بسوں ، لاریوں ، موٹر کاروں وغیرہ کی آمد و رفت کی گھنٹوں تک مسدود ہوکر رہ گئی ۔ ٹریفک نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ۔ مسافرین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس موقع پر مذکورہ قائدین نے مخاطب کرتے ہوئے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ ہر لحاظ سے پسماندہ حلقہ اسمبلی کوڑنگل سے انصاف کیا جائے اور انکشاف کیا کہ حسب منشا نئے اضلاع ، نئے منڈلوں وغیرہ کا قیام مناسب بات نہیں ہے اور کہا کہ حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے منڈلوں کوڑنگل ، کوسگی ، مدور ، ممبرس پیٹھ اور دولت آباد کو کسی ایک ہی ضلع میں ضم کرتے ہوئے کوڑنگل کو ریونیو ڈیویژن کا درجہ دیا جائے ۔ حلقہ اسمبلی میں دودھیال، گڑمال ، کوتہ پلی اور ردرارم وغیرہ مقامات کو منڈلوں کی شکل دی جائے ۔ نیز کوڑنگل کو ریونیو ڈیویژن مستقر بنانے کے اعلان تک زنجیری بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ بصورت دیگر احتجاج میں مزید شدت پیدا کی جائے گی ۔ مذکورہ قائدین کے علاوہ احتجاج میں دیگر اپوزیشن قائدین شیام سندر اور کرشنا وغیرہ نے بھی حصہ لیا ۔