سرکاری قرار دے کر فروخت کرنے کی کوشش
حیدرآباد: شہر کے مضافاتی علاقوں کوکا پیٹ اور خانم میٹ میں حکومت کی جانب سے فروخت کی جانے والی اراضی کے وقف ہونے کی اطلاع پر صدرنشین محمد سلیم نے عہدیداروں کی ٹیم روانہ کی ہے جو رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ ڈپاٹمنٹ کے علاوہ ریونیو ریکارڈ سے وقف اراضی کی نشاندہی کرے گی۔ واضح رہے کہ کوکا پیٹ اور خانم میٹ میں ایچ ایم ڈی اے اور تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کی جانب سے 64 ایکر اراضی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے تین ہزار کروڑ کی آمدنی ہوسکتی ہے۔ جس اراضی کی فروخت کیلئے نشاندہی کی گئی ، اس میں وقف اراضی کی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔ مقامی افراد نے بھی اس سلسلہ میں وقف بورڈ حکام کو توجہ دلائی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے سرکاری خزانہ کے خسارہ کو کم کرنے کیلئے فاضل سرکاری اراضیات فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ خانم میٹ اور کوکا پیٹ کی وقف اراضیات پر حکومت کی دعویداری ہے۔ ایچ ایم ڈی اے اور انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کا دعویٰ ہے کہ دونوں مقامات پر موجود اراضی سرکاری ہے۔ وقف بورڈ کے حکام سرکاری ریکارڈ سے بورڈ کے ریکارڈ کا تقابل کرتے ہوئے یہ طئے کریںگے کہ آیا یہ اراضی واقعی سرکاری ہے۔ اراضی کی فروخت کی تیاریاں جاری ہیں، لہذا وقف حکام کو فوری چوکس ہونا پڑے گا۔ اسی دوران شاہ آباد علاقہ میں 12 ایکر مسلم قبرستان پر ناجائز قبضوں اور غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کیلئے محمد سلیم نے ڈی ایس پی کی قیادت میں ٹاسک فورس ٹیم روانہ کی ہے۔ انہوں نے قابضین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ غیر مجاز تعمیرات کے بارے میں بارہا نمائندگی کی جاچکی ہے لیکن وقف بورڈ کے عہدیدار خواب غفلت کا شکار ہیں۔