حیدرآباد ۔ 26 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے کوکا پیٹ تا شمس آباد براہ پٹن چیرو سڑک کو روشنی سے منور کرنے کا بیڑھ اٹھایا گیا تھا اور اب یہ کام پایہ تکمیل کو پہونچ رہا ہے ۔ اس سڑک کو کسی بھی وقت بحال کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت نے ترجیحی بنیاد پر اس راستہ پر روشنی کے اہتمام کا آغاز کیا تھا کیوں کہ یہاں تیز رفتار گاڑیوں کے حادثات پیش آرہے تھے ۔ خاص طور پر رات کے وقت حادثات ہورہے تھے ۔ ایچ ایم ڈی اے عہدیداروں نے بتایا کہ 100 کیلو میٹر سے زیادہ طویل اس سڑک پر ایل ای ڈی لائٹنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں حادثات کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آوٹر رنگ روڈ کے اس حصے میں ناقص روشنی اور زیادہ حادثات کو دیکھتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے بطور خاص اس شاہراہ پر لائٹنگ کے کام کی ہدایت دی تھی ۔ وزیر آئی ٹی کی ہدایت کے بعد ایچ ایم ڈی اے نے آوٹر رنگ روڈ کے اصل راستہ پر ایک کیلو میٹر تک اور آوٹر پر چڑھنے اور اترنے کے مقامات ، یہاں تک پہونچنے والی سڑکوں وغیرہ پر روشنیوں کا انتظام کیا ہے ۔ کوکا پیٹ ، ایڈولانگولاپلی ، پٹن چیرو ، پیدا عنبر پیٹ ، بونگلورو ، راوی ریال ، تکوگوڑ وغیرہ پر جنکشن لائٹنگ کا اہتمام کیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سرویس روڈ پر بھی ایک کیلو میٹر تک روشنی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ اس طویل فاصلے کے درمیان کہیں بھی تاریکی رہنے نہ پائے ۔ ڈرائیورس کو راستہ بہتر دکھائی دینے کے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔۔