عہدیداروں کو متاثرین کے شدید احتجاج کا سامنا ، پولیس کی مدد سے غیر قانونی قبضے کی برخاستگی
حیدرآباد۔11جولائی (سیاست نیوز) عوامی احتجاج کے دوران ’حیدرا‘ نے آج بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے کوکٹ پلی اور راجندر نگر میں غیرقانونی تعمیرات کو منہدم کرتے ہوئے ملبہ کی صفائی کو یقینی بنایا ۔ ’حیدرا‘ کے عہدیداروں نے آج علی اصبح کی گئی کاروائی کے دوران کوکٹ پلی کے علاقہ حبیب نگر میں جاری غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کرتے ہوئے نالہ پر کئے گئے قبضہ جات کو برخواست کرنے کے اقدامات کئے جبکہ راجندر نگر کے علاقہ میں پارک کی اراضی پر کی جانے والی تعمیرات کو منہدم کرتے ہوئے اسے دوبارہ پارک بنانے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں ’حیدرا‘ کی جانب سے کی جانے والی کاروائی کے دوران آج عوام کا شدید احتجاج دیکھا گیا جہاں جے سی بی کے آگے متاثرین نے لیٹ کر انہیں روکنے کی کوشش کی لیکن پولیس کی مدد سے احتجاجیوں کو ہٹاتے ہوئے ’حیدرا‘ کے عہدیدارو ں نے اپنی کاروائی کو مکمل کیا ۔ کوکٹ پلی کے علاقہ حبیب نگر سے گذرنے والے نالہ پر قبضہ جات کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے ’حیدرا‘ نے بعض شادی خانوں کی دیواروں کو منہدم کرتے ہوئے نالہ پر کی جانے والی تعمیرات کو برخواست کروایا علاوہ ازیں دیگر تعمیرات جو کہ نالہ پر کی جا رہی تھیں انہیں بھی فوری طور پر منہدم کرتے ہوئے نالہ کو بحال کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ مقامی عوام نے ’حیدرا‘ سے رجوع ہوتے ہوئے اس نالہ کے طول و عرض کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے نالہ پر کی جانے والی تعمیرات کو فوری طور پر برخواست کرنے کے اقدامات کی خواہش کی تھی اور اس بات سے واقف کروایا تھا کہ نالہ پر کی جانے والی تعمیرات سے ڈرینیج کے پانی کے بہاؤ میں ہونے والی دشواریوں کے سبب علاقہ کے مکانوں میں بارش کی صورت میںسیلاب کی صورتحال پیدا ہونے لگی ہے ۔اسی طرح راجندر نگر علاقہ میں موجود نالندا نگر ویلفیر اسوسیشن کے مکینوں نے ’حیدرا‘ کے عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے موضع حیدرگوڑہ میں پارک کی اراضی پر کئے جانے والے قبضہ جات کے متعلق شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پلاٹس کی فروخت کے دوران جو 1000 مربع گز اراضی پارک کے لئے مختص کی گئی تھی اس اراضی کو دوبارہ فروخت کرتے ہوئے اس پر تعمیرات کی جا رہی ہیں ۔’حیدرا‘ کے عہدیدارو ںنے اس اراضی کے متعلق تفصیلات حاصل کرتے ہوئے دستاویزات کی جانچ کی اور اس کے فوری بعد کاروائی کرتے ہوئے پارک کی اراضی پر کی جانے والی تعمیرات کو برخواست کروانے کے اقدامات کئے گئے ۔راجندر نگر کے علاقہ میں کی گئی اس کاروائی کے دوران بھی ’حیدرا‘ کے عہدیداروں اور عملہ کو عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔3