آئی ٹی ملازمین کی آمد و رفت کیلئے سہولت فراہم کرنے پر غور ، رکن اسمبلی کا بلدیہ اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد ۔ /6 نومبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی مادھاپور و دیگر علاقوں میں عوام بالخصوص آئی ٹی ملازمین کو درپیش ٹریفک مسائل کو دور کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا گیا ۔ رکن اسمبلی مسٹر اے گاندھی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ کوکٹ پلی تا سائبر ٹاور تک اہم شاہراہ کا زونل کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن شریمتی ہری چندنا داسری ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر وجئے کمار کے علاوہ دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کے ہمراہ دورہ کرکے ٹریفک مسائل کا جائزہ لیا ۔ مسٹر گاندھی نے کوکٹ پلی تا ہائی ٹیک سٹی روڈ کو 150 فٹ تک توسیع کرنے کیلئے منصوبہ جات مرتب کئے گئے ہیں اور ان مرتب کردہ منصوبہ جات پر عاجلانہ طور پر عمل آوری کئے جانے کے بعد عوام کو درپیش ٹریفک مسائل کی یکسوئی ممکن ہوسکے گی ۔ مسٹر گاندھی نے مزید بتایا کہ ریاستی حکومت بالخصوص وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں پائے جانے والے تقریباً تمام علاقوں کو ترقی دینے کیلئے جامع حکمت عملی کے ذریعہ اقدامات کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور ان اقدامات کے تحت ٹریفک مسائل کی یکسوئی کیلئے فلائی اوور برجس کی تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے جلد سے جلد جاری تعمیری کاموں کو مکمل کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ضروری ہدایات بھی دی ہیں ۔ مسٹر گاندھی کے اس دورہ کے موقعہ پر ان کے ہمراہ چندا نگر سرکل کمشنر یادگیری راؤ ، ٹریفک اے سی پی ، چندرشیکھر ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں چناریڈی اور اے کے ریڈی و دیگر بھی موجود تھے ۔