کوکٹ پلی میں ’ بٹر فلائی پارک ‘ کی تعمیر

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کی جانب سے کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کالونی ( کے پی ایچ بی ) فیز V میں 10.81 لاکھ روپئے کے تخمینہ مصارف سے ایک ’ بٹر فلائی پارک ‘ فروغ دیا جارہا ہے ۔ اس پارک کی منفرد خصوصیات میں تتلیوں کی کشش کیلئے پھول کے پودے ، تتلی کی شکل میں بنائے گئے بینچس اور ایک تتلی کے پر کی عکاسی کرتا ہوا ایک سیلفی پوائنٹ شامل ہے ۔ یہ پارک 560 مربع میٹر رقبہ پر پھیلا ہوا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’ جگہ کی کم دستیابی کے باعث ہم نے صرف پاتھ ویز ہی بنائے ہیں اور بچوں کے لیے پلے ایریا فراہم نہیں کیا ہے ۔ اس پارک سے متعلق زیادہ تر کام مکمل ہوگئے ہیں اور ایک ماہ کے اندر اس کا افتتاح کرنے کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ایچ ایم سی بٹر فلائی پارک کو تتلیوں کیلئے ایک گھر بنانا چاہتا ہے اور وہ پودوں کے مزید بڑے ہونے کا انتظار کررہے ہیں ۔۔