کوکٹ پلی میں زمین کھسک گئی، اپارٹمنٹ کو خالی کروادیا گیا

   

علاقہ میں کشیدگی، کئی خاندان سڑک پر، عوام کی برہمی، بلدی حکام جوابدہی سے قاصر

حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) شہر کے کوکٹ پلی علاقہ میں زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور ایک اپارٹمنٹ میں موجود کئی خاندانوں کو خالی کروادیا گیا۔ چونکہ زمین جس انداز سے سڑک کے ذریعہ کٹ گئی اور زمین کھسکر ایک بڑا سرنگ نما گڑھا پیدا ہوگیا۔ اس کے سبب قریبی اپارٹمنٹس کو خطرہ لاحق ہوگیا اور ان عمارتوں کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ یہ کسی بھی وقت زمین دوز ہوسکتے ہیں۔ زمین کھسکنے اور سرنگ نما گڑھا پیدا ہونے کے بعد عوام سڑکوں پر وقت گذار رہے ہیں۔ اطلاع کے ساتھ ہی بلدی حکام کی ایک ٹیم کوکٹ پلی گوتم نگر علاقہ پہنچی اور حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بلدی حکام برہم عوام کا جواب دینے سے قاصر رہے اور اپنا منہ چھپا رہے تھے۔ بلدی حکام نے علاقہ میں حالات کو بحال کرنے کے لئے موثر اور بہتر اقدامات کا بھروسہ دلایا۔ بتایا جاتا ہے کہ گوتم نگر میں جاری بھاری تعمیرات اور تعمیر کی گئی عمارتوں کو اپنی مرضی کے مطابق تعمیر کیا گیا۔ تعمیرات میں نہ ہی کسی قسم کی کوئی اجازت لی گئی اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی شرائط پر عمل کیا گیا جس کے سبب اس علاقہ میں اس طرح کے خوفناک حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ ع