کوکٹ پلی میں عادی سارق گرفتار، مسروقہ زیورات ضبط

   

حیدرآباد : کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس نے ایک عادی سارق کو گرفتار کرلیا جو سرقہ کیلئے بند مکانات کی تلاش میں مصروف تھا ۔ پولیس نے مشتبہ نقل و حرکت پر ایاز احمد کو حراست میں لے لیا اور پوچھ تاچھ کے دوران اس نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ، پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس کے مطابق 40 سالہ ایاز احمد ساکن چمپا پیٹ نے اپنا جرم قبول کرلیا ۔ اس نے ایک ہفتہ کے دوران 2 وارداتیں انجام دیں تھی ۔ دھرما ریڈی کالونی فیس I میں مشتبہ طور پر نقل و حرکت کے دوران ایاز کو پولیس نے حراست میں لیا جو چوری کی موٹر سیکل پر گھوم رہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ عادی سارق اس علاقہ میں مزید وارداتیں انجام دینے کی کوشش کررہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ فیس II دھرما ریڈی کالونی اور کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کے علاقہ میں سرقہ کیا تھا اور ایک ہفتہ کے دوران وارداتیں انجام دی تھیں ۔ سابق میں اس نے تینوں کمشنریٹ حدود میں کُل 87 وارداتیں انجام دی تھیں ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 63 گرام سونا و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا اور ایاز کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔