کوکٹ پلی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک

   

ملک پیٹ میں دو آر ٹی بسوں میں ٹکر ، ناتجربہ کار ڈرائیورس کے سبب حادثات روز کا معمول
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد کی سڑکیں ان دنوں موت کے کنویں میں تبدیل ہورہی ہیں۔ کل بنجارہ ہلز پر پیش آئے خوفناک حادثہ کے بعد آج کشائی گوڑہ میں اسی طرح کا ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ اور کوکٹ پلی میں ایک شخص ہلاک ہوگا۔ ان حادثات میں آر ٹی سی بسوں کے علاوہ بڑی موٹر گاڑیوں کی بے قابو رفتار کا بھی اہم رول بتایا جارہا ہے۔ کار ڈرائیور اور خستہ حال سڑکیں شہریوں کی ہلاکت کا موجب مانی جارہی ہیں۔ ایسے حادثات سے شہریوں میں خوف پایا جاتا ہے اور اب وہ آٹوز کی طرح آر ٹی سی بس کو ارد گردگھومتی دیکھ کر خوف کا شکار ہورہے ہیں۔ ملک پیٹ کے علاقہ میں آج دو آر ٹی سی بسیں آپس میں ٹکرا گئی تاہم کوئی جانی نقصان کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ کشائی گوڑہ کے علاوہ کوکٹ پلی کے علاقہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس کے مطابق 25 سالہ سید قاسم جو پیشہ سے ڈرائیور تھا مادھا پور علاقہ میں رہتا تھا جو آتما کور علاقہ کے ساکن عزیز کا بیٹا بتایا گیا ہے۔ سید قاسم اپنی موٹر سیکل ایکٹوا پر جارہا تھا کہ وسنت نگر علاقہ میں ایک واٹر ٹینکر نے اس شخص کو ٹکر دے دی ۔ قاسم نارائنا اسکول میں ملازمت کرتا تھا اور واٹر ٹینکر چیتنیہ تعلیمی اداروں کا بتایا گیا ہے اس واٹر ٹینکر کی زد میں آکر سید قاسم برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ واٹر ٹینکر نے اس شخص کو روند دیا ۔ جائے حادثہ پر دلخراش مناظر کو دیکھ کر عوام میں خوف و برہمی پیدا ہوگئی۔ کشائی گوڑہ کے سڑک حادثہ میں 35 سالہ سریتا ہلاک ہوگئی جو آج اس کی موٹر سیکل پر آرہی تھی کہ رادھیکا سنگل کے قریب یوٹرن لینے کے دوران حادثہ پیش آیا۔ جس میں ایک بڑی لاری نے سریتا کوزد میں لے لیا اور یہ خاتون گاڑی کی زد میں آکر موقع پر ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔